پولیس کے شعبے میں خواتین کی تعداد بڑھانا چاہتے ہیں،مریم نواز


 لاہور(صباح نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پولیس کے شعبے میں خواتین کی تعداد بڑھانا چاہتے ہیں، جب مجھے کسی کے خلاف فیصلہ کرنا ہوتا ہے تو میں دل پر پتھر رکھ کے کرتی ہوں،مجھے احساس ہے کہ انصاف کرنا ہے 12 کروڑ عوام کی خدمت کرنی ہے مگر جس معاشرے میں انصاف نہیں، وہ بگڑ جاتے ہیں، وزیراعلیٰ کی کرسی میرے لئے آسان نہیں تھی، مجھے یہاں آگ کا دریا عبور کر کے پہنچنا پڑا،پورے ملک میں جہاں ترقی کا نشان ہوگا وہاں نوازشریف اور شہباز شریف کا نام ہوگا۔ لاہور میں چوہنگ پولیس ٹریننگ کالج میں پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، وزیراعلی پنجاب  مریم نوازنے پولیس وردی میں ملبوس ہو کر پریڈ کا معائنہ کیا، انہوں نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پولیس افسران میں انعامات تقسیم کئے ۔

پاسنگ آ ؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پہلے کبھی میں جلسوں میں جاتی تھی تو دیکھتی تھی کہ خواتین پولیس افسر نے بھاری ہتھیار اٹھائے ہوتے تھے اور مردوں والے عہدوں پر کام کر رہی ہوتی تھی، مجھے ان کو دیکھ کو خوشی ہوتی تھی، میں نے آئی جی پنجاب کو کہا کہ 7ہزار کا نمبر بہت کم ہے اس کو بڑھانا چاہیے، خواتین سپر ہیومنز ہیں، ہم خواتین مائیں بھی ہیں، بیٹیاں بھی ہیں، جتنی تندہی سے ہم اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی ہیں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا کہ اس میں کتنی محنت لگتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں آپ سب کو سلام پیش کرتی ہوں، مجھے خوشی ہوئی کہ پہلی سوارڈ آف آنر ایک خواتین پولیس افسر کو ملی، مجھے آپ سب پر فخر ہے، جب سے میں نے وزیر اعلیٰ کا حلف لیا تب سے میں اس تقریب کا انتظار کر رہی تھی۔مریم نواز نے کہا کہ جب میں نے پولیس کا یونیفارم پہنا تب مجھے احساس ہوا کہ یہ کتنی بڑی ذمہ داری ہے لیکن میں فیصلے کرتی ہوں آپ اس پر عمل در آمد کرتے ہیں تو آپ کی زیادہ بڑی ذمہ داری ہیں، خواتین نرم دل ہوتی ہیں اور بہت چیزوں کو معاف کردیتی ہیں مگر اس عہدے پر انصاف سے کام لینا، آپ کے دل میں ظالم کے لیے کوئی جگہ نہیں ہونا چاہیے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جب مجھے کسی کے خلاف فیصلہ کرنا ہوتا ہے تو میں دل پر پتھر رکھ کے کرتی ہوں،مجھے احساس ہے کہ انصاف کرنا ہے 12 کروڑ عوام کی خدمت کرنی ہے مگر جس معاشرے میں انصاف نہیں، وہ بگڑ جاتے ہیں، آپ سے توقع ہے کہ ظالم کو کیفر کردار تک پہنچائیں گی، میں سب کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔انہوںنے کہا کہ میں تین بار وزیر اعظم رہنے والے نواز شریف کی بیٹی تھی مگر مجھے بھی خود کو ثابت کرنا پڑا، وزیراعلیٰ کی کرسی میرے لئے آسان نہیں تھی، مجھے یہاں آگ کا دریا عبور کر کے پہنچنا پڑا، نواز شریف اور شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، پورے ملک میں جہاں ترقی کا نشان ہوگا وہاں نوازشریف اور شہباز شریف کا نام ہوگا۔