گندم اسکینڈل کی تحقیقات کے لئے پی ٹی آئی کا عدالتی کمیشن کے قیام کا مطالبہ

اسلام آباد (صباح نیوز)گندم اسکینڈل کی تحقیقات کے لئے پی ٹی آئی نے عدالتی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کردیا ۔پارٹی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس معاملے  پر سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور حنیف عباسی میں تلخ کلامی،تکرار قوم کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے، تلخ کلامی دراصل قومی خزانے سے لے کر قوم کا مینڈیٹ چرانے تک کے سفر میں ملوث کرداروں کا اعتراف جرم ہے،شفاف منصفانہ انتخابات کے انعقاد کی آئینی ذمہ داری نبھانے کے پابند نگران وزیر اعظم کا دھاندلی کے ذریعے مسلط ہونے والوں کو فارم 47 کی دھمکی دینا اصل حقائق سے پردہ چاک کرتا ہے، کئی اہم سوالات کو جنم دینے والی گفتگو معاملے کی شفاف تحقیقات کی متقاضی ہے،راتوں رات قوم کا مینڈیٹ چرانے اور گندم کی مثالی پیداوار کو بدانتظامی کی نذر کرنے والے اپنے جرائم تسلیم کرنے کی بجائے ایک دوسرے کو قصوروار ٹھہرا رہے ہیں، آئینی اختیارات سے تجاوز کے نتیجے میں ملک میں وافر گندم کی موجودگی کے باوجود اضافی گندم کی درآمد کا خمیازہ آج کسان کو بھگتنا پڑ رہا ہے، جعلی فارم 47 کے تحت منصب پر مسلط ہونے والے مسائل کے حل کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کی بجائے بیان بازی اور دھمکیوں پر اکتفا کیے ہوئے ہیں، گندم درآمدی سکیم پر کی جانے والی بے سود سرکاری  تحقیقات مجرمان کو بچانے کی ایک گھناؤنی کوشش ہے۔ متذکرہ گفتگو کے تناظر میں جوڈیشل کمیشن قائم کر کے منظم منصوبے کے تحت اضافی گندم درآمد کرنے کے ذمہ داران کا احتساب کیا جائے، جوڈیشل انکوائری کے ذریعے انتخابی نتائج میں ردوبدل اور جعلی فارم 47 تیار کرنے کے پیچھے کارفرما عناصر کو بھی بے نقاب کیا جائے اور عوامی مینڈیٹ حقیقی حق داروں کو واپس کیا جائے۔