پشاور(صباح نیوز)پشاورمیں 24گھنٹوں کے دوران چینی کی فی کلو قیمت میں 30روپے اضافہ کر دیاگیا ۔سبزیاں،پھل،گوشت،چکن سمیت دیگر اشیاء بھی عوامی دسترس سے باہر ہوگئیں ۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے دیگر شہروں کی طرح صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی مہنگائی کا طوفان امڈ آیا ہے اور صرف چوبیس گھنٹوں کے دوران چینی کی قیمت 120روپے کلو سے بڑھ کر 150روپے کلو تک پہنچ گئی ہے اور چینی کی قیمت میں 30روپے کلو کا ہوشربا اضافہ کیاگیا ہے ۔
پشاور کی ہول سیل مارکیٹ میں فی کلو گرام چینی کی قیمت میں 8 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ہول سیل میں چینی 140 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ اس کی ریٹیل قیمت 145 سے 150 روپے فی کلو تک ہو گئی ہے۔اسی طرح پھلوں،سبزیوں،گوشت اور چکن کی قیمتوں میں بھی اضافہ جاری ہے جس کے باعث عوام کی قوت خرید جواب دے رہی ہے ۔
عوام کا کہنا ہے کہ حکومت جن وعدوں کے ساتھ اقتدار میں آئی تھی ان میں سے ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا اور عوام کاخون نچوڑ رہی ہے ۔بجلی،گیس،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہفتے میں ایک سے دو مرتبہ اضافہ کیا جارہا ہے جبکہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو بڑھا کرعوام کو زندہ درگور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔حکومت کی مہربانی سے ہر گھر میں دو سے تین بیروزگار بیٹھے ہیں ایسے حالات میں عوام کے حال پر ترس کھایا جائے ۔