صدرڈاکٹر رئیسی نے ہمسائیگی کی پالیسی کو آگے بڑھانے کے دائرے میں پاکستان کا دورہ کیا :ایرانی وزیر خارجہ

 تہران ،اسلام آباد(صباح نیوز)ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے کہا ہے کہ صدر ڈاکٹرڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے اسلامی جمہوریہ ایران کی ہمسائیگی کی پالیسی کو آگے بڑھانے کے دائرے میں اپنے برادر اور مسلم ملک پاکستان کا دورہ کیا ہے-

ایرانی میڈیا کے مطابق  ایکس سوشل نیٹ ورک پر ایک پیغام میںانہوں نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اسپیکرز کے علاوہ پاکستان کے وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے ساتھ بین الاقوامی مسائل، علاقائی پیش رفت اور دو طرفہ تعلقات کی بہتری کے حوالے سے تفصیلی اور اہم بات چیت ہوئی۔امیر عبداللہیان نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ کے اعلی سطحی وفود کے درمیان تجارت، توانائی، راہداری، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت، صحت ، سیاحت اور زیارت، سرحد پار تعاون، منشیات اور دہشت گردی کے خلاف جنگ، سلامتی، اور عدالتی امور سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا-

وزیر خارجہ نے کہا کہ اس دورے میں سرکاری تجارت کے حجم کو دس ارب ڈالر تک بڑھانے کے مقصد سے آٹھ مشترکہ تعاون کی دستاویزات پر دستخط کیے گئے۔امیر عبداللہیان نے مزید کہا کہ ایک ہزار کلومیٹر کی مشترکہ سرحد، اور بہت سے تہذیبی، ثقافتی اور مذہبی مشترکات نیز اہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر مشترکہ نقطہ نظر نے دونوں ممالک کے حکام کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور مستحکم کرنے کا عزم پیدا کیا ہے