ملائیشین نیوی کے 2 ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے، 10 افراد ہلاک

کوالالمپور(صباح نیوز) ملائیشیا میں بحریہ کے 2 ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں سوار تمام 10 افراد ہلاک ہو گئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق محکمہ فائر اینڈ ریسکیو کے سینئر آپریشن کمانڈر نے بتایا کہ پریڈ کی ریہرسل کے دوران لومت بیس پر دونوں ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے، میڈیکل افسران نے جہاز میں سوار تمام 10 افراد کی موت کی تصدیق کی ہے، حادثے کی وجہ جاننے کیلئے تحقیقات کی جائیں گی۔آن لائن شیئر کی گئی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مئی میں بحریہ کے بیڑے کے کھلے دن کی تقریبات سے پہلے فلائی پاسٹ ریہرسل میں نیول اسٹیڈیم کے اوپر ایک فارمیشن میں کئی ہیلی کاپٹر نچلی پرواز کر رہے ہیں۔وزیر اعظم انور ابراہیم نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم دل ہلا دینے والے سانحے پر سوگوار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ وزارت دفاع فوری طور پر تحقیقات کرے گی تاکہ کریش کی وجہ کا پتا لگایا جاسکے۔ گزشتہ مہینے ملائیشیا کے کوسٹ گارڈ کا ایک ہیلی کاپٹر آبنائے ملاکا میں گر کر تباہ ہو گیا تھا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔