دفعہ 144کی خلاف ورزی کا مقدمہ، اعظم سواتی کی ضمانت کنفرم


اسلام آباد (صباح نیوز)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم خان سواتی کے خلاف دفعہ 144 کے تحت درج مقدمہ میں ضمانت کنفرم کردی۔ ایڈیشنل جج اویس محمد خان نیازی نے کیس کی سماعت کی، اعظم خان سواتی عدالت میں پیش ہوئے۔اعظم سواتی کے وکیل علی بخاری کی جانب سے عدالت میں دلائل دئیے گئے ۔

علی بخاری نے کہا کہ اس کیس میں اعظم سواتی گرفتار ہوئے اور اگلے ہی روز ضمانت ہوگئی۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ بعدازاں عدم پیشی پر اعظم سواتی کی ضمانت خارج کرکے اشتہاری قرار دے دیا، موقف اپنایا کہ اس کیس میں تمام دفعات قابل ضمانت ہیں۔علی بخاری ایڈووکیٹ نے دوران دلائل سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے فیصلوں کے حوالے دیئے،

علی بخاری نے کہا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مدعی متعلقہ افسر بن سکتا ہے، اس کیس میں پولیس افسر کو مدعی بنایا گیا ہے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد 5 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض اعظم سواتی کی ضمانت کنفرم کردی۔