پارلیمینٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس پیر کو شروع ہونگے

اسلام آباد (صباح نیوز)پارلیمینٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس  (پیر کو) شروع ہونگے ۔قومی اسمبلی، سینیٹ کے  اجلاس پیر  22 اپریل  شام 5 بجے طلب  کئے گئے ہیں۔ نئی قومی اسمبلی وسینیٹ کے ابتدائی اجلاس منعقد ہورہے ہیں جب کہ دونوں ایوانوں کی پارلیمانی وقائمہ کمیٹیوں کی تشکیل نُو تاحال نہیں ہوسکی ہے ۔ سینیٹ کے لئے باضابطہ طور پر اپوزیشن لیڈر کا اعلان بھی نہیں کیا گیا ہے ۔جب کہ کمیٹیاں نہ ہونے کی وجہ سے پارلیمانی بزنس متاثر ہورہا ہے  اور یہ متعلقہ پارلیمانی شعبوں میں زیرالتواء ہوکررہ گیاہے ۔ تاحال حکومت اپوزیشن کے درمیان  کمیٹیوں کے معاملات طے نہیں ہوسکے ہیں جب کہ ذرائع کا دعوی ہے کہ ان معاملات پر حکومت اپوزیشن میں تعطل کی صورتحال ہے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے اس بارے میں اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے  ادھر سینیٹ  کے اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا پیر کو نوٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان ہے ۔ باقاعدہ طور پر بانی پی ٹی آئی نے سینیٹر شبلی فراز کو سینیٹ میں قائد حزب اختلاف نامزد کیا ہے ۔تحریک انصاف کے سینیٹرز نے شبلی فراز کی پارٹی نامزدگی دستاویز سیکرٹری سینیٹ کو جمع کروا دیں۔اپوزیشن لیڈر  کے عہدہ پر سینیٹر شبلی فراز کی نامزدگی پر تحریک انصاف کے تمام 19 سینیٹرز کے دستخط موجود ہیں۔