عراق کے فوجی اڈے پر حملہ، ایک شخص ہلاک،7 زخمی، امریکا کی ملوث ہونے کی تردید


 بغداد(صباح نیوز) عراق کے دارالحکومت بغداد میں فوجی اڈے پر فضائی حملے میں ایک شخص ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق رات گئے بغداد کے فوجی اڈے پر فضائی حملے ہوئے جس کے بعد خوفناک آگ بھڑک اٹھی، دھماکوں کی آوازیں دور دور تک سنی گئی۔

رپورٹ کے مطابق فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ فضائی حملے کا ذمہ دار کون تھا۔ البتہ امریکا نے بغداد کے فوجی اڈے پر حملے میں ملوث ہونے کی تردید کردی۔ صیہونی فوج نے کہا کہ وہ غیر ملکی میڈیا میں شائع ہونے والی معلومات پر تبصرہ نہیں کرتے۔ عراقی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ فضائی حملوں کی تحقیقات کی جارہی ہیں، دھماکے میں املاک کو نقصان پہنچا جبکہ متعدد لوگ زخمی ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز (19 اپریل)اسرائیل نے ایران کے صوبے اصفہان پر میزائل حملہ داغا تھا، جس کے بعد ایران اہلکار نے کہا کہ ملکی افواج نے اصفہان کی فضائی حدود سے تین ڈرون مار گرائے ہیں۔ تاہم ایران نے کسی بھی بیرونی حملوں کی تردید کردی تھی اور فوری جوابی کارروائی نہ کرنے کی تصدیق کی تھی۔