اسرائیل کا ایرانی شہراصفہان پرفضائی حملہ ، ایران کی تردید


 نیویارک (صباح نیوز) اسرائیل نے ایران کے صوبے اصفہان پر میزائل حملہ کر دیا، حملے کے بعد زور دار دھماکے کی آوازیں سنی گئیں ،جس کے بعد ایران نے اصفہان سمیت کئی شہروں کے لئے پروازیں معطل کر دیں تاہم ایران نے اسرائیلی حملے کی تردید کی ہے ۔ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق مقامی وقت کے مطابق رات 12 بجکر 30 منٹ پر اصفہان پر تین ڈرون حملے کیے گئے، ایرانی فضائیہ نے تینوں ڈرون مار گرائے، تاہم اب صورتحال کنٹرول میں ہے اور معطل پروازیں بحال کردی گئی ہیں۔

ایرانی حکام کے مطابق اسرائیل کی جانب سے میزائل داغے جانے کا دعوی بھی مسترد کردیا۔ امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران کے صوبے اصفہان میں ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا ، اس کے علاوہ شام اور عراق میں بھی اسرائیل کے فضائی حملے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، حملے کے بعد دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔ایرانی میڈیا نے دھماکوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اصفہان ایئرپورٹ کے نزدیک دھماکے کی آواز سنی گئی، اسرائیل کے فضائی حملوں کے بعد ایران میں تہران، شیراز اور اصفہان کے ایئرپورٹ کو بند کر دیا گیا، ایئرپورٹس کی بندش کے بعد ہر قسم کی پروازیں معطل ہو گئی ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اصفہان کے ہوائی اڈے پر دھماکے کے بعد ایران نے متعدد شہروں میں ائیرڈیفنس سسٹم فعال کر دیا تاہم حملے کے بعد ابھی تک کسی قسم کے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئیں۔امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ عراق کے جنوب، مغرب میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے پرواز کیں ، عراق اورشام میں بھی اہداف کو نشانہ بنایا۔ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اصفہان شہر میں کوئی میزائل حملہ نہیں ہوا، دھماکے کی آوازیں اصفہان میں مشکوک شے کو نشانہ بنانے کی تھیں۔ایرانی سینئر کمانڈر کے مطابق رات کے وقت ہونے والے حملے سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔ایرانی سائبر اسپیس سینٹر کے ترجمان حسین دلیریان نے کہا ہے کہ میزائل حملے کی ابھی کوئی اطلاع نہیں، اصفہان کی فضا میں 3ڈرون تباہ کردیئے گئے ہیں۔