بجلی کے ترسیلی و تقسیم کے نظام کیلئے عالمی سطح پر رائج ماڈلز سے مدد لی جائے،شہباز شریف

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ترسیلی نظام اور تقسیم کار کمپنیوں کی بہتری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر پلان مرتب کرکے آئندہ ہفتے پیش کیا جائے تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری و آٹ سورسنگ کے عمل کو تیز کیا جائے،بجلی کے ترسیلی و تقسیم کے نظام کیلئے عالمی سطح پر رائج ماڈلز سے مدد لی جائے،

وزیراعظم نے یہ ہدایات اپنے زیر صدارت اجلاس میں دی ہیں ،وزیراعظم ہاوس کے مطابق  وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت بجلی شعبے کے حوالے سے اقدامات کے جائزے پر اعلی سطحی اجلاس کا دوسرا دور جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہوا. اجلاس کو بجلی کی ٹرانسمیشن کے نئے منصوبوں، NTDC کی تنظیمِ نو اور بجلی چوری کی روک تھام کیلئے اقدامات و شفارشات پیش کی گئیں. اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کے جنوب سے بجلی کی ترسیل کیلئے مٹیاری رحیم یار خان ٹرانسمیشن لائن اور غازی بروتھہ فیصل آباد لائن تعمیر کی جائے گی.

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ بجلی کے ترسیلی نظام کی اصلاحات اور گردشی قرضے کو کم کرنے کیلئے NTDC کی تنظیمِ نو کا لائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے. وزیرِ اعظم نے تمام اصلاحات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی. اجلاس مین وفاقی وزراخواجہ محمد آصف، محمد اسحاق ڈار، احد خان چیمہ، سید محسن رضا نقوی، عطا اللہ تارڑ، سردار اویس خان لغاری، ڈاکٹر مصدق ملک، عبدالعلیم خان، سابق وزیرِ بجلی محمد علی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ جہانزیب خان، رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی، انجینیئر قمر السلام، رانا احسان افضل، سلمان احمد اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی