آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کو تعمیر و ترقی کاگہوارہ بنا ئیں گے.انجینئر امیر مقام

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام   نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور آزاد خطہ کی تعمیر ترقی کیلئے کوئی وقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائیگا،آزادکشمیر  اورگلگت بلتستان کو تعمیر و ترقی کاگہوارہ بنا کر ایسا مثالی خطہ بنائیں گے کہ کسی کو اس خطے کا مقبوضہ کشمیر سے موازنہ کرنے کا موقع نہیں ملے گا، مشکل صورتحال کے باوجود حکومت معیشت کو مستحکم بنانے اور ترقی کی جانب گامزن کرنے کیلئے پر عزم ہے ،کشمیریوں کا عزم اور پاکستانی عوام کی ثابت قدم حمایت کشمیر کی تحریک آزادی کو برقرار رکھے گی.آزادکشمیر سے شایع ہونے والے اخبارات تحریک آزادی کشمیر کے حقیقی ترجمانی کر رہے ہیں، حکومت پاکستان ریاستی میڈیا کو مستحکم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی.آزادکشمیر حکومت کی طرف سے صحافیوں کے خلاف مقدمات کے اندراج بارے اطلاعات پر چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس سے بات کروں گا.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  وزارت امور کشمیر وگلگت بلتستان میں کشمیر جرنلسٹس فورم راولپنڈی اسلام آباد کے صدر خاور نواز راجہ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر عدیل بشیر، نعیم الاسد، لطیف ڈار، اعجاز خان ،نثار کیانی ،کاشف میر ،عرفان سدوزئی بھی موجود تھے.  وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجنئیر امیر مقام نے  کہا کہ مسئلہ کشمیر مسلم لیگ نواز کی ترجیح اول رہی ہے، آزادکشمیر و گلگت بلتستان کے انتظامی ڈھانچے کی تعمیر و ترقی کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے، گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری پاکستان کے بلا تنخواہ سپاہی کا کردار ادا کر رہے ہیں، کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ آزادکشمیر حکومت کی طرف سے صحافیوں کے خلاف مقدمات کے اندراج بارے اطلاعات پر چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس سے بات کروں گا ۔ مسلم لیگ ن میڈیا کی آزادی اور آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے، میڈیا سے منسلک لوگ ذمہ  داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی آواز بنیں۔

وزیر امور کشمیر نے کہا کہ کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں کشمیریوں کا حق خودارادیت اقوام متحدہ کی تسلیم کردہ ناقابل تنسیخ حق  ہے اور پاکستان اور اس کے عوام کشمیریوں کی تحریک آزادی کی ثابت قدم حمایت جاری رکھیں گے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ کشمیریوں کا عزم اور پاکستانی عوام کی ثابت قدم حمایت کشمیر کی تحریک آزادی کو برقرار رکھے گی۔وزیر امور کشمیر نے  بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی مسلسل خاموشی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہائیوں پرانا تنازع کشمیر خطے کے امن و استحکام کے لیے ایک مستقل خطرہ ہے۔انہوں نے کشمیر یوں پر ر زور دیا کہ وہ ہمت نہ ہاریں اور آپ کے دل میں آزادی کی شمع جلتی رہے اور یہ جذبہ زندہ اور مضبوط رہنا چاہیے۔