جماعت اسلامی سندھ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کومستردکردیا

کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کومستردکرتے ہوئے اسے عووام دشمن فیصلہ اورغریبوں سے روٹی کا آخری نوالہ چھیننے کے مترادف قراردیا ہے۔انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ حکمرانوں کی نااہلی اورناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پہلے ہی مہنگائی کے طوفان سے معیشت زبوں حال اورمرغی،انڈے، گوشت ،آٹا، دالیں سمیت روزمرہ کی اشیائے صرف کی قیمتی آسمان سے باتیں کررہی ہیں پٹرول قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی میں مزیداضافہ ہوگا جس سے غریب آدمی اورتنخواہ دار طبقہ ہی سخت متاثر ہوگا۔

صوبائی امیرنے مزید کہاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود یہاںمسلسل ایک ماہ کے دوران دوسری بار اضافہ عوام کے ساتھ سراسرظلم ہے۔صوبائی امیرنے پٹرول قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ واپس لینے کامطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ حکمران طبقہ آئی ایم ایف کی فرمائش پرباربار بجلی گیس اورپٹرول قیمتوں میں اضافہ کی بجائے اپنی عیاشیان،غیرضروری اخراجات ،کرپشن اورمفت خوریاں ختم کرے۔