ملت ایکسپریس واقعہ،خاتون پر تشدد کرنیوالے پولیس اہلکار کے موبائل فون کی تفصیلات سامنے آ گئیں


فیصل آباد(صباح نیوز)  ملت ایکسپریس سے خاتون کے مبینہ طور پر گر کر جاں بحق ہونے اور پولیس اہلکار کی جانب سے تشدد کیس میں پولیس نے کانسٹیبل کے موبائل فون کی تفصیلات حاصل کرلیں۔

ڈی آئی جی ساؤتھ ریلوے عبداللہ شیخ کے مطابق ملت ایکسپریس میں پولیس اہلکار کے خاتون پر تشدد کے کیس میں تحقیقات جاری ہیں۔کانسٹیبل منیرکے سی ڈی آر کے مطابق 7اپریل کو کانسٹیبل کا فون کراچی اور حیدرآباد کے درمیان رہا، منیر کا فون اس کی والدہ کے نام پر ہے، کانسٹیبل کے فون سے 19فون کالز اور ایس ایم ایس ریکارڈ پر ہیں۔ فون ریکارڈ کے مطابق منیر 8اپریل کو کراچی واپس گیا اس حوالے سے تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے،ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل چلتی ٹرین میں خاتون اور بچے پر پولیس اہلکار کے تشدد کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس کے بعد تشدد کرنے والے اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا جو بعد میں ضمانت پر رہا ہوگیا۔سامنے آنے والی ویڈیو میں خاتون کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ مار کیوں رہا ہے، مار نہیں، مار نہیں۔

بعد ازاں خاتون کی لاش برآمد ہوئی جس پر پولیس نے موقف اختیار کیا کہ خاتون نے ٹرین سے چھلانگ لگائی۔