راولپنڈی (صباح نیوز)راولپنڈی کی مقامی عدالت میں سابق کمشنر راولپنڈی کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر لیاقت علی چٹھہ کے وکیل نے جواب جمع کرادیا۔
راولپنڈی کی مقامی عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج حاکم خان نے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت کی جس دوران لیاقت علی چٹھہ نے عدالت میں اپنا جواب جمع کروادیا۔ سابق کمشنر لیاقت علی چٹھہ کی جانب سے ان کے وکیل نے عدالت میں پیش ہوکر جواب جمع کروایا۔
لیاقت علی چٹھہ نے اپنے جواب میں بتایا کہ میرے خلاف 2 انکوائریاں چل رہی ہیں، ان میں پیش ہو رہا ہوں، ایک انکوائری الیکشن کمیشن اور دوسری محکمانہ طور پر چل رہی ہے۔انہوں نے جواب میں بتایا کہ میری جانب سے میرے وکیل پیش ہوں گے۔بعد ازاں عدالت نے سابق کمشنر کی جانب سے جواب جمع کرانے پر سماعت 20 اپریل تک ملتوی کر دی۔