لاہور(صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق تین ہفتے کے دورہ سعودی عرب کے بعد وطن واپس پہنچ گے۔
امیر جماعت اسلامی نے عمرے کی سعادت حاصل کی اور اس موقع پر سعودی عرب میں موجود جماعت اسلامی کے کارکنوں اور دیگر پاکستانیوں سے ملاقاتیں کیں۔18اپریل کی شام تک وہ امیر جماعت اسلامی پاکستان کی ذمہ داریاں ادا کرینگے۔18 اپریل کو نومنتخب امیر جماعت حافظ نعیم الرحمان کے حلف کے ساتھ ہی دس سال تک امیر رہنے والے سراج الحق ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو جائیں گے۔نومنتخب امیر حافظ نعیم الرحمان18 اپریل بروز جمعرات نماز مغرب کے فوری بعد منصورہ مسجد میں پانچ سالہ امارت کا حلف اٹھائیں گے۔
جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم نے پہلے ہی سے جماعت کی مجلس شوری کا اجلاس طلب کر رکھا ہے۔حافظ نعیم الرحمان19 سے21 اپریل تک جاری رہنے والے شوری کے اجلاس کی صدارت کرینگے۔اس اجلاس کے موقع پر نومنتخب امیر ،شوری کے مشورے سے جماعت اسلامی کے نئے سیکرٹری جنرل ، نائب امرا اور دیگر ذمہ داران کا تقرر کرینگے۔شوری کے اجلاس میں ملکی سیاسی حالات اور دیگر امور کے جائزے کیساتھ اہم فیصلے کیے جائیں گے۔