نظریہ ضرورت اور سلیکشن کی سیاست نے جمہوری اقدار اور ملکی سیاست کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ،راجہ پرویز اشرف

فیصل آباد(صباح نیوز) سابق وزیراعظم اورپیپلز پا رٹی وسطی پنجاب کے صدر  راجہ پرویز اشرف نے کہاہے کہ نظریہ ضرورت اور سلیکشن کی سیاست نے جمہوری اقدار اور ملکی سیاست کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے تحر یک انصاف سمیت حکو مت مخالف قو تیں تنگ نظری ، شور شرابہ اور گالی گلوچ کی سیاست جب تک نہیں چھوڑیں گی ملکی مسائل حل نہیں ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے  فیصل آباد موٹر وے سمندری روڈ پر پیپلز پا رٹی وسطی پنجاب کے قافلے کی قیادت کرتے ہوئے کارکنوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ اُن کاکہناتھاکہ پا کستان کی سیاسی تاریخ شہید بھٹو کے نام کے بغیر مکمل نہیں    وہ آج بھی کروڑوں لوگوں کے دلوں پر راج کر رہے ہیں۔  مظلوم طبقات سمیت ہر پاکستانی آج بھی اُنہیں  سلام پیش کررہا ہے ۔ اُنہوں نے کہا ملک و ملت کے دشمنوں اور فوجی آمروں کاکوئی نام لیوا کو ئی نہیں جبکہ شہید بھٹو کو آج بھی پوری دنیا میں سلام عقیدت پیش کیا جارہا ہے کیونکہ ختم نبوت قانون کی پاسداری اور ناموس رسالت  ۖکے لئے شہید بھٹو نے ایسا عظیم کارنامہ سر انجام دیا ہے جو قیامت تک ملکی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جاتا رہے گا۔