پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، محمد شہباز شریف

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کی جانب سے بونیر میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کی جانب سے بونیر میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر ان کی پذیرائی کی اور کہا کہ بونیر میں پاک فوج کے بہادر جوانوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے ملک دشمنوں کو جہنم واصل کیا، مجھ سمیت پوری قوم وطن کے بہادر جوانوں کی جرات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے ۔

وزیر اعظم نے آپریشن کے دوران حوالدار مدثر محمود اور لانس نائیک حسیب جاوید کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے شہدا کیلئے مغفرت اور سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔وزیر اعظم نے کہا کہ وطن کی مٹی کے لئے بیٹوں کی لازوال قربانیاں پوری قوم کیلئے فخر کا باعث ہیں، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے،علاوہ ازیں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ضلع بونیر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے پاک فوج کے 2 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیاہے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ شہید حوالدار مدثر اور لانس نائیک حسیب نے بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔محسن نقوی نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ حوالدار مدثر اور لانس نائیک حسیب نے قوم کے امن کی خاطر شہادت کا بلند رتبہ پایا۔انہوں نے کہاکہ شہدا قوم کا فخر ہیں جنہوں نے اپنے قیمتی لہو سے امن کی آبیاری کی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم پر عزم ہے ،ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے غیرمتزل عزم کو شکست نہیں دے سکتیں۔۔