مری(صباح نیوز)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت مری میں خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، انسپکٹر جنرل پولیس نے امن و امان کی مجموعی صورت حال پر بریفنگ دی۔اجلاس میں آرگنائزڈ اور سائبر کرائم کے خاتمہ کیلئے سپیشل یونٹ اور آئی ٹی ٹریننگ کا اصولی فیصلہ کیا گیا، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اقدامات کے لئے تجاویز اور سفارشات پیش کی گئیں۔
اس موقع پر پولیس میں کرپشن اور غیر پیشہ ورانہ رویے کی نشاندھی کے لئے سپیشل آڈٹ سسٹم نافذ کرنے کی منظوری دی گئی، رشوت مانگنے پر سی ایم کے سپیشل ڈیش بورڈ پر شکایت درج ہو سکے گی، سمگلنگ روکنے کے لئے بارڈر سکیورٹی فورسز قائم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں ہر کرائم کے لئے فنکشنل سپیشلائزڈ پولیس فورس قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا، منشیات کے خاتمے کے لئے مہم مسلسل جاری رکھنے کی منظوری دی گئی، عورتوں اور بچوں سے زیادتی کے مقدمات میں سزائے موت کے لئے قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعلی پنجاب نے صوبہ میں ناجائز اسلحہ کلچر کے خاتمے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی، قوانین میں ترمیم، پتنگ بازی اور دھاتی تار کے سدباب کے لئے مزید فول پروف انتظامات کرنے کا حکم دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ سزا یقینی بنا کر جرائم میں کمی یقینی بنائی جا سکتی ہے، بچوں اور عورتوں سے زیادتی کے مقدمات میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچا یا جائے، پنجاب کے ہر شہری کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ پولیس کو جدید اسلحہ، آلات، گاڑیاں، نائٹ ویژن کیمرے اور ڈرون فراہم کریں گے، دہشت گردی ، سمگلنگ اور گینگز کے مستقل خاتمے کیلئے موثر کارروائی یقینی بنائی جائے، پراسیکیوشن اور انویسٹی گیشن سسٹم میں بہتری کی ضرورت ہے۔