اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کو کویت کے وزیرِ اعظم شیخ محمد صباح السالم الصباح نے ٹیلی فون کیا اور عید الفطر کے موقع پر مبارکباد پیش کی،جبکہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کو ٹیلی فون کیا اور عید الفطر کی مبارکباد پیش کی ،ان ٹیلیفونک رابطوں میں پاکستان کے کویت اور ملائشیا کے ساتھ دیرینہ و تاریخی برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور تعلقات کو دونوں ممالک کے عوام کیلئے باہمی طور پر مفید شراکت داری میں بدلنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کو کویت کے وزیرِ اعظم شیخ محمد صباح السالم الصباح نے ٹیلی فون کیا اور عید الفطر کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔
گفتگو کے دوران وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے انتخاب کے موقع پر کویتی قیادت کی جانب سے تہنیتی پیغام کا ذکر کرتے ہوئے کویتی وزیرِ اعظم کو شکریہ اداکیا۔انہوں نے پاکستان اور کویت کے مابین دیرینہ و تاریخی برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے پاکستان،کویت دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور پاکستان کے ان تعلقات کو دونوں ممالک کے عوام کیلئے باہمی طور پر مفید شراکت داری میں بدلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیرِ اعظم نے نہ صرف پاکستان اور کویت کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعاون کے فروغ کی ضرورت پر روز دیا بلکہ پاکستان کی جانب سے گزشتہ برس دونوں ممالک کے درمیان دستخط شدہ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر جلد عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی۔
دونون رہنماوں نے پاکستان اور کویت کے عوام کی سلامتی اور خوشحالی، امتِ مسلمہ کے مابین بھائی چارے اور بالخصوص نہتے فلسطینی بہن بھائیوں پر جاری اسرائیلی ظلم و جبر کے خاتمے کی دعا کی۔ کویت کے وزیرِ اعظم نے پاکستان کے عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ کویتی حکومت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تعاون کے مزید فروغ کی خواہش کا اظہار کیا۔
علاوہ ازیں زیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کو ٹیلی فون کیا اور عید الفطر کی مبارکباد پیش کی. وزیرِ اعظم نے عید کے موقع پر ملائیشیا کے عوام کیلئے بھی مبارکباد اور خیر سگالی کا پیغام دیا. وزیرِ اعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ رمضان المبارک کی برکتیں بشمول دونوں ممالک، پوری امت مسلمہ کیلئے امن و سلامتی اور ترقی و خوشحالی کا باعث بنیں گی. وزیر اعظم نے اپنے انتخاب کے موقع پر ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کے تہنیتی پیغام کا بھی ذکر کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا. پاکستان ملائیشیا تعلقات کے فروغ کیلئے اپنے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی.
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کے دورے کے منتظر رہیں گے. انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کی لازوال شاعری کا ملائیشین زبان میں ترجمہ ہو رہا ہے جس کا اجرا ملائیشیا کے وزیرِ اعظم انور ابراہیم کے دورہِ پاکستان کے دوران ان کے دست مبارک سے کروایا جائے گا. دوطرفہ تجارت کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیرِ اعظم نے ملائیشیا کے تجارتی وفد کو پاکستان کا جلد دورہ کرنے کی دعوت دی. وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان بھی اپنا ایک تجارتی وفد جلد ملائیشیا بھیجے گا جو تجارت بالخصوص پاکستان سے ملائیشیا گوشت کی برآمد کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا.
دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کے ساتھ ساتھ وزیرِ اعظم نے غزہ میں نہتے فلسطینی بہن بھائیوں پر جاری اسرائیلی بربریت و نسل کشی کے خلاف ملائیشیا کے واضح اور دوٹوک موقف کی تعریف کی. دونوں رہنماوں نے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا بھی اظہار کیا. وزیرِ اعظم نے مسئلہ کشمیر پر ملائیشیا کی پاکستان کے مقف کی حمایت پر شکریہ ادا کیا انور ابراہیم نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور جلد پاکستان کے دورے کی خواہش کا اظہار کیا. انہوں نے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کیلئے تعاون کے عزم کا اظہار کیا