حکومت اور ٹی ایل پی میں معاہدے کے باجود وزیرآباد ،گجرات کے راستے بند


وزیر آباد (صباح نیوز)حکومت اور کالعدم تنظیم ٹی ایل پی کے درمیان معاہدے کے باجود وزیر آباد، گجرات کے راستے بدستور بند ہیں اور شہریوں کو کئی کلومیٹر کا سفر پیدل طے کرنا پڑ رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گجرات میں دریائے چناب پر تاحال کنٹینرزموجود ہیں اور ٹول پلازہ بھی ٹریفک کیلئے بند ہے۔مارچ کے شرکا گزشتہ ہفتے سے وزیرآباد میں موجود ہیں جنہوں نے مذاکرات کے دوران اسلام آباد کی طرف نہ بڑھنے کا اعلان کیا تھا۔وزیر آباد میں کالعدم جماعت کا دھرنا ساتویں روز بھی جاری رہا  اور علاقے میں انٹرنیٹ سروس معطل رہی۔ شرکا نے سعد رضوی کی رہائی تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ۔

سبزی منڈی، پیٹرول پمپس، سرکاری و نجی تعلیمی ادارے جزوی طور پر بحال کئے گئے ۔ دریائے چناب ٹول پلازہ پرخندقیں تاحال نہیں بھری گئیں اور راستے بلاک ہیں۔انتظامیہ نے مارچ کو روکنے کے لیے جگہ جگہ کنٹینرز لگا رکھے جبکہ پنجاب میں رینجرز بھی طلب کی ۔گجرات اور اسلام آباد کے درمیان سفر کرنے والوں کو تاحال راستہ بند ہونے سے مشکلات کا سامنا رہا۔