یہودیوں کے تمام تر ظلم اور جبر کے باوجود غزہ کے عوام حماس کے ساتھ ہیں،پروفیسر محمد ابراہیم خان


پشاور(صباح نیوز) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ یہودیوں کے تمام تر ظلم اور جبر کے باوجود غزہ کے مرد، خواتین اور بچے حماس کے ساتھ ہیں۔ غزہ کے مظلوم مسلمان اپنے امتحان میں کامیاب ہوچکے ہیں لیکن اس وقت ہم امتحان میں ہیں۔ مسلمان حکمرانوں، جرنیلوں اور عوام کا امتحان ہے۔ حکمرانوں اور جرنیلوں کے دل غیرت اور حمیت سے خالی ہوچکے ہیں۔ عوام اپنے حکمرانوں اور جرنیلوں کو مجبور کریں کہ وہ غزہ کے بھائیوں کی مدد کو پہنچیں۔ حکمران کچھ نہیں کر سکتے تو ہمیں راستہ دیں، ہم غزہ کے بچوں اور شہدا کا بدلہ لیں گے۔ عوام عید کے دن غزہ سے یکجہتی کے لیے فلسطینی رومال اور جھنڈوں کا استعمال کریں۔ فلسطین کی سرزمین پر حق صرف فلسطین کے مسلمانوں کا ہے، یہودیوں کا اس پر کوئی حق نہیں۔ الخدمت فانڈیشن اپنی مقدور بھر کوششیں کررہی ہے۔ مسلم حکمران سہولت فراہم کریں تو الخدمت اپنی خدمات میں مزید بہتری لا سکتی ہے۔ الخدمت فانڈیشن نے فلسطینی طلبا کے وظائف اور تعلیمی سلسلے کو جاری رکھنے کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہشتنگری چوک میں منعقدہ لیل الغزہ/غزہ نائٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امرا مولانا ڈاکٹر محمد اسماعیل، عنایت اللہ خان، قائم مقام ضلعی امیر حمد اللہ جان بڈھنی، سیکرٹری جنرل ہدایت اللہ،کاشف اعظم، طارق متین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر اقبال خلیل بھی موجود تھے۔

غزہ نائٹ سے خطاب میں مولانا محمد اسماعیل اور عنایت اللہ خان نے کہا کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف پوری دنیا کے حریت پسند ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پر لڑ رہے ہیں۔ فلسطین کا مسئلہ مسلمانوں کا نہیں پوری دنیا کے انسانوں کا مسئلہ بن چکا ہے۔ کینیڈا کے عوام نے اپنے وزیر اعظم کو اسرائیل کی حمایت سے ہاتھ کھینچنے پر مجبور کردیا۔انھوں نے کہا کہ سیکورٹی کونسل کی قرارداد کے بعد پوری دنیا فلسطینیوں کی پشت پر کھڑی ہے۔ فلسطین کے مسئلہ کو زندہ رکھنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ فلسطین جماعت اسلامی کا نہیں امت کا مسئلہ ہے۔ ہر پاکستانی اس کو اپنی تحریک سمجھ کر اس میں شامل ہو۔

عنایت اللہ خان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ سندھ میں کچے کے ڈاکوؤں نے اودھم مچا رکھی ہے،یہ ایک ناسور ہے۔ ڈاکوؤں نے ریاست کے اندر ریاست بنائی ہوئی ہے۔ ریاستی ادارے انھیں کچھ نہیں کہہ سکتے۔سندھ میں پیپلز پارٹی اور وفاق و پنجاب میں مسلم لیگ کی حکومت ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ وفاق اور دونوں صوبوں کی حکومتیں ان کے خلاف بھر پور آپریشن کریں اور ان کو لگام دیں۔ انھوں نے کہا کہ کچے کے ڈاکو لوگوں کو اغوا کرتے اور بھاری تاوان کے لیے ان پر بدترین تشدد کرتے ہیں، کچے کے ڈاکوؤں نے دیر سے تعلق رکھنے والے ہمارے ایک بھائی کو اغوا کیا ہے۔ میں حکومت وقت سے ان کی بروقت بازیابی کے مطالبے کیساتھ ساتھ اقوام دیر کی جانب سے آخری وارننگ بھی دینا چاہتا ہوں کہ اگر اس ناسور کو جڑ سے نا اکھاڑا گیا تو ہم صدر کی رہائشگاہ کی طرف مارچ اور اس کا گھیراؤ کریں گے۔