جامعہ کشمیر میں، ایم فل وپی ایچ ڈی پروگرامز کی بروقت تکمیل کے لیے پالیسی منظور

مظفر آباد(صباح نیوز) آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآباد نے اپنے ایم فل،ایم ایس وپی ایچ ڈی ڈگری پروگرامز کے سکالرز کے تحقیقی مقالہ جات کو غیرضروری تاخیر سے بچانے اور ان کی بروقت تکمیل کے لیے نئی پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔جامعہ کشمیر کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق ایم فل اورپی ایچ ڈی پروگرامز میں داخل سکالرز کی سہولت اور ان کے ڈگری پروگرامز کی بروقت تکمیل کے لیے سفارشات کی حتمی منظوری جمعرات کے روز منعقد ہونے والے اکیڈمک کونسل کے اکتیسویں اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت وائس چانسلر /چیئرمین اکیڈمک کونسل پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کررہے تھے۔

اکیڈمک کونسل نے باقاعدہ ایک لائحہ عمل کی منظوری دی جس کے تحت سکالرز کے مقالہ جات کے مسودہ کی وصولی سے لے کر بیرونی ممتحن تک دورانیہ کا تعین کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں کونسل نے جامعہ کشمیر میں ایم فل اسلامیات کے ڈگری پروگرام کو شروع کرنے کی بھی منظوری دی جس کے لیے ہائیرایجوکیشن کمیشن نے پہلے ہی این او سی جاری کردی ہے۔کونسل کے اجلاس میں جامعہ میں سمسٹر امتحانات کے لیے پالیسی گائیڈلائینز،ٹیچنگ ورک لوڈ،ایسوسی ایٹ ڈگری پالیسی بک میں ترامیم،بورڈ آف ایڈوانس اسٹڈیز اینڈریسرچ کے ممبران کی تشکیل سمیت مختلف تدریسی امور سے متعلقہ کل 18ایجنڈا آئیٹمز پیش کیے گئے جن پر ممبران کونسل نے اپنے آرا  کا اظہار کیا۔اجلاس میں جامعہ کی مختلف کلیات کے بورڈ آف فیکلٹیز کی سفارشات کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں جامعہ کشمیر،ہائیرایجوکیشن کمیشن اور ریاست کے مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے اکیڈمک کونسل کے ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں مختلف کمیٹیوں کی تشکیل اور پالیسیوں کے نفاذکی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر /چیئرمین اکیڈمک کونسل پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے تمام تدریسی شعبہ جات کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیم کی فراہمی سمیت ان کی کردارسازی اور انہیں مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کریں۔انہوں نے کہاکہ شکایات ملی تھیں کے جامعہ کشمیر میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے مقالہ جات غیرضروری طوالت کا شکار ہوتے ہیں جس کا سختی سے نوٹس لیا گیا اور اب یہ مسئلہ اس پالیسی کے اجرا سے ہمیشہ کے لیے ختم ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت جامعہ کشمیر کو بہترین اور اعلی تعلیم یافتہ فیکلٹی میسر ہے اور ہمیں بجا طور پر فیکلٹی سے توقع ہیکہ وہ معیار تعلیم کی بہتری اور جامعہ کشمیر کی ترقی کے لیے اپنی تمام ترصلاحیتیں بروئے کارلاتے ہوئے ریاست میں علم دوست ماحول کے فروغ کے لیے اپنا کردار اداکرے گی۔قبل ازیں رجسٹرارجامعہ کشمیرمیریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضی نے اکیڈمک کونسل کے اکتیسویں اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا۔اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں جامعہ کشمیر کی چاروں کلیات کے ڈین حضرات،صدورشعبہ جات،ڈائریکٹرز،پرنسپل آفیسرز اور سینئر پروفیسرز نے شرکت کی۔