ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ پر وزیراعظم اور وزرا کا ردعمل حیران کن ہے،شیری رحمان


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر،سینیٹرشیری رحمان نے کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر وزیراعظم اور وزرا کا ردعمل حیران کن ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پرٹوئٹرپربیان میں انہوں نے کہا کہ اپنا قبلہ درست کرنے کے بجائے پوری حکومت ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل اور رپورٹ پر سوال اٹھا رہی ہے ، ہر شہری کو معلوم ہے موجودہ وفاقی حکومت کرپٹ ترین حکومت ہے، ”میں نہ مانوں”کے رویے سے حقیقت تبدیل نہیں ہو جائے گی۔

نیب چیئرمین نے خود کہا تھا اس حکومت کے کرپشن کیسز کھلے تو یہ چل نہیں سکے گی۔انہوں نے کہا کہ چینی، گندم، ادویات، پیٹرول، بلین ٹری سونامی اور دیگر میگا کرپشن کیسز کی انکوائری ہوئی تو ”صاف چلی شفاف چلی”کی اصلیت کھل کر سامنے آ جائے گی، احتساب کے ادراے پر تالا لگانے والے بڑھتی کرپشن کو جھٹلا رہے ہیں۔