مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل، پہلی بار وزیر خارجہ شامل

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کی تشکیل کردی، تاریخ میں پہلی بار وزیر خارجہ کو کونسل میں شامل کیا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، جس کے مطابق 8 رکنی مشترکہ مفادات کونسل کے چیئرمین وزیراعظم شہباز شریف ہوں گے، مشترکہ مفادات کونسل میں چاروں وزرائے اعلی بطور ممبران شامل ہیں۔

وزیر خارجہ اسحق ڈار بطور رکن مشترکہ مفادات کونسل میں شامل ہو گئے ہیں، اس کے علاوہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف وزیر سیفران انجینیئر امیر مقام بھی مشترکہ مفادت کونسل کے ممبر کے طور پر شامل ہیں۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل 21 مارچ 2024سے وجود میں آگئی ہے۔مشترکہ مفادات کونسل کی تاریخ میں پہلی بار وزیر خارجہ کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ وزیر خزانہ کو کونسل میں شامل نہیں کیا گیا۔

یاد رہے کہ آئین کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل کی ذمہ داری ہے کہ وفاقی انتظامیہ کی فہرست میں شامل معاملات سے متعلق پالیسیوں کی تشکیل اور ریگیولیٹ کرے اور متعلقہ اداروں کی نگرانی اور کنٹرول رکھنا ہے۔ آئین کے آرٹیکل 153(2) کے تحت وزیر اعظم کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ مشترکہ مفادات کونسل میں وقت کے ساتھ ساتھ 3 وفاقی وزرا کو نامزد کرسکیں۔1973 کے آئین کے تحت قائم کی جانے والی مشترکہ مفادات کونسل کی اہمیت میں 18ویں ترمیم کے بعد کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے، کیونکہ یہ کونسل صوبوں اور وفاق کے درمیان معاملات کو حل کرتی ہے اور ہر 3 ماہ میں اس کا ایک اجلاس ہونا لازمی ہے۔