حکومت کی موثر پالیسیوں سے غیرملکی زرمبادلہ ذخائر20 ارب ڈالر تک پہنچ گئے،علی محمد خان


اسلا م آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینٹ کااجلاس شروع ہوا توسینٹ کو بتایا گیا کہ حکومت کی موثر پالیسیوں کے نتیجے میں ملک کے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر بیس ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔

پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ ہماری برآمدات اور شرح ترقی ریکارڈ سطح پرہے اور حسابات جاریہ کا خسارہ کم ہورہا ہے۔انہوں نے مہنگائی کے مسئلے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اگلے تین سے چار ماہ میں مہنگائی پر قابو پانے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم نے ضمنی فنانس بل 2021 کے ذریعے پر تعیش اشیا کی درآمدات پر ٹیکس میں اضافہ کیا ہے،

انہوں نے کہا کہ موبائل فون اور ایل ای ڈی ٹی وی کی مقامی سطح پر پیداوار اور درآمدات کے متبادل کیلئے عمارتی سامان کے شعبے میں نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ضمنی سوال کے جواب میں علی محمد خان نے کہا کہ حکومت اپنی پیداوار بڑھانے کیلئے کپاس کے بیجوں کی نئی قسم میں سرمایہ کاری کررہی ہے۔ایک اور توجہ دلاو نوٹس کے جواب میں پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے کہاکہ معیشت اب بہتری کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور زرعی مصنوعات کی برآمدات پچیس فیصد بڑھی ہیں۔

ایک توجہ دلاو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے مواصلات کے وزیر مراد سعید نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اگلے ماہ کراچی کوئٹہ چمن شاہراہ این 25 کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ شاہراہ کے تین سو تئیس کلو میٹر کے پہلے حصے کی تعمیر کیلئے ٹھیکہ دے دیا گیا ہے۔ مواصلات کے وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت بلوچستان میں اس وقت شاہراہوں کے تین ہزار آٹھ سو کلو میٹر طویل منصوبوں پرکام کررہی ہے۔

علی محمد خان نے ایوان کو بتایا کہ ای کامرس کے حجم میں ایک سو پندرہ فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں ای کامرس کے دائر ہ کار کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسے خصوصی اقتصادی زونز سے بھی منسلک کیا جائے گا۔سینٹ کا اجلاس جمعہ کی صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کردیا گیا۔