اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی شکایات تشویشناک ہیں،برطانیہ یونائیٹڈ لائرز سوسائٹی


اسلام آباد (صباح نیوز) برطانیہ کی یونائیٹڈ لائرز سوسائٹی نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی شکایات تشویشناک ہیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے خط پر برطانیہ کی یونائیٹڈ لائرز سوسائٹی نے بیان جاری کیا ہے۔

بیان میں یونائیٹڈ لائرز سوسائٹی یو کے نے کہا ہے کہ عدلیہ کی آزادی اہم ہے، یہ آئین اور جمہوریت کا اہم ستون ہے، عدالتوں میں ججوں کی غیر جانبداری اور آزادی ضروری ہے۔ یونائیٹڈ لائرز سوسائٹی یو کے نے کہا کہ ججوں پر بیرونی دباو قانون کی حکمرانی کے اصول کو نقصان پہنچاتا ہے، جج بیرونی دباؤ کا شکار نہ ہوں، ججوں کو کوئی خاص فیصلہ کرنے کے لئے کسی سے متاثر نہیں ہونا چاہیے۔

برطانیہ یونائیٹڈ لائرز سوسائٹی یو کے نے کہا ہے کہ ایجنسیوں کا ججز کو ہدایات دینا عدالتی آزادی کو مجروح کرتا ہے، عدلیہ میں ایسی مداخلت کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔

برطانیہ یونائیٹڈ لائرز سوسائٹی نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری تحقیقات کریں، ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔برطانیہ یونائیٹڈ لائرز سوسائٹی نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان کارروائی کریں تاکہ ججز بغیر کسی خوف کے آزادانہ طور پر انصاف کریں۔