اسلام آباد (صباح نیوز) حکومت نے بشام میں دہشت گردی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا فیصلہ کرلیا ، واقعہ میں چینی باشندوں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے، ایسے واقعات پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے ، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی،ہم اپنا اور اپنے دیرینہ دوستوں کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے سلامتی کی صورتحال پر اعلی سطح کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ داسو ہائیڈل پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی شہریوں پر بشام میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد بدھ کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا، چیف آف آرمی سٹاف، وزرائے اعلی، متعلقہ صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور پولیس سربراہان نے شرکت کی ۔
اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز بشام میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، چین پاکستان کا آزمودہ دوست ہے، ہر مشکل وقت اور عالمی فورمز پر چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا، سی پیک ملک میں معاشی ترقی کا ضامن ہے، سی پیک کی بدولت ہماری جی ڈی پی میں خاصا اضافہ ہوا،سی پیک کے باعث ملک میں روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام مصروفیات ترک کر کے چینی سفارت خانہ کا دورہ کیا اور افسوسناک واقعہ پر چینی سفیر سے تعزیت کا اظہار کیا،وزیراعظم نے واقعہ کی نہ صرف مذمت کی بلکہ اس کی تحقیقات کے حوالے سے یقین دہانی کرائی،دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہم پوری طرح پرعزم ہیںاورچینی سفیر کے ذریعے چینی قیادت کو یہ پیغام دیا گیا کہ دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کی جائے گی،پاکستان کی حکومت دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہے،
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے چین کے سفیر کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی، اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں،ایسے واقعات پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، پاک چین دوستی انشااللہ قائم و دائم رہے گی، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے سیکورٹی کے حوالے سے اعلی سطح اجلاس کی صدارت کی ۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی، قوم کو اتحاد کا پیغام دیا گیا کہ تمام اکائیاں وفاق کے ساتھ ایک پیج پر ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور مفاد پر تمام جماعتیں ایک پیج پر ہیں،ہم اپنا اور اپنے دیرینہ دوستوں کا دفاع کرنا جانتے ہیں، واقعہ کی تحقیقات کے حوالے سے جے آئی ٹی کے قیام پر بھی مشاورت ہوئی،اجلاس میں تمام فریقین کے حوصلے بلند تھے، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اجلاس کے شرکاایک پیج پر تھے، ہم 2018مں ایک پرامن پاکستان چھوڑ کر گئے تھے، 2013میں جب ہم آئے تھے تو آئے روز دہشت گردی کے واقعات رونما ہو رہے تھے، عطااللہ تارڑ نے کہا کہ ہمارا واضح پیغام ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،یک زبان ہو کر یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے،چینی قوم اور قیادت کے غم میں برابر کے شریک ہیں،ایسے واقعات کی روک تھام کی یقین دہانی کراتے ہیں۔