اسلام آباد (صباح نیوز)بشام خودکش حملہ کے بعدوزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے منگل کو غیرمعمولی طور پر اسلام آباد میں چینی سفارتخانے کادورہ کیا، سانحہ بشام پر چین کی حکومت اور عوام سے اظہار تعزیت کیا،سانحہ کے ذمہ داراں و سہولت کاروں کی جلد گرفتاری و قرارواقعی سزا دینے کی یقین دہانی کروادی . ترجمان کے مطابق وزیرِ اعظم نے چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائیڈونگ (Jiang Zaidong) سے بشام میں دہشتگرد حملے میں 5 چینی باشندوں کی ہلاکت پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں چینی شہریوں کے اہلِخانہ کے ساتھ ہیں.
وزیرِ اعظم نے چینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستانی حکومت واقعے کی اعلی سطح اور جلد تحقیقات کرکے ذمہ داراں و سہولت کاروں کو قرارواقعی سزا دے گی۔ وزیرِ اعظم نے چینی صدر اور چینی وزیرِ اعظم کیلئے واقعے کے حوالے سے تعزیتی پیغام دیا. انھوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی ایسی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وزیراعظم.سی پیک کے دشمنوں نے ایک مرتبہ پھر سے ایسی بزدلانہ حرکت سے اسے متزلزل کرنے کی سازش کی ہے مگر دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا.
دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک اسکے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، وزیراعظم نے کتاب میں تعزیتی کلمات بھی درج کئے ۔چینی سفیر نے وزیرِ اعظم کی سفارتخانے آمد اور واقعے کی تحقیقات میں ذاتی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا اور وزیرِ اعظم کے پاک چین دوستی کے حوالے سے عزم کی تعریف کی. وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے.