ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے،شیری رحمان


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر اور سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کی چیئرپرسن شیری رحمان نے کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس اس حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے۔

کرپشن میں پاکستان کا 16 درجے اوپر جانا اس حکومت کے بیانئے کو بے نقاب کرتا ہے۔ 2020 میں دنیا بھر میں پاکستان کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں 124 نمبر پر تھا۔ 1 سال کے اندر پاکستان 140ویں نمبر پر آگیا ہے۔

ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے منگل کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ کرپشن ختم کرنے کی دعویدار حکومت نے 16 ممالک کو کرپشن میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ دوسری طرف مشیر احتساب کا استعفیٰ اس بات کا ثبوت ہے کہ کرپشن کم نہیں، بڑھی ہے۔ احتساب صرف مخالفین کو نشانا بنانے کے لئے ہے۔ اس حکومت کی کرپشن سے اب عالمی ادارے پردہ اٹھا رہے ہیں۔