بھارت  انسانی حقوق کا احترام، تحفظ اورفروغ یقینی بنائے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل


لندن:انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کیطرف سے حقوق کے محافظوں، صحافیوں، اختلاف رائے رکھنے والوں اور سیاسی مخالفین کے خلاف بڑھتے ہوئے کریک ڈان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل بھارتی امور کے سربراہ آکار پٹیل Aakar Patelنے دہلی کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال کی گرفتاری اور انڈین نیشنل کانگریس کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اختلاف رائے رکھنے والوں اور حزب اختلاف کی جماعتوں کے خلاف جے پی حکومت کا کریک ڈان سنگین شکل اختیار کر گیا ہے۔انہوں نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ویب سائٹ پر پوسٹ ایک بیان میں کہا کہ حکام نے انسانی حقوق کے محافظوں، کارکنوں، ناقدین، غیر منافع بخش تنظیموں، صحافیوں، طلبائ، ماہرین تعلیم اور سیاسی مخالفین کے خلاف منظم طریقے سے کریک ڈاؤن کے لیے متعدد مالیاتی اور دہشت گردی کے قوانین کا بار بار غلط اور بے جا استعمال کیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اروند کیجریوال کی گرفتاری اور عام انتخابات سے چند ہفتے قبل انڈین نیشنل کانگریس کے بینک اکاونٹس کو منجمد کرنا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ حکام انسانی حقوق کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو نبھانے میں صریح ناکام رہے ہیں ۔بیان میں کہا گیا کہ یہ بات مشاہدے میں آرہی ہے کہ بلاجواز گرفتاریوں ، غیر قانونی نگرانی اور مذہبی اقلیتیوں کو امتیازی سلوک کا نشانہ بنانے کیلئے مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کے محافظوں، کارکنوں اور سیاسی مخالفین سمیت ملک میں ہر ایک کے انسانی حقوق کا احترام، تحفظ اورفروغ یقینی بنائے۔