مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے اہلکار نے سرکاری رائفل سے خودکشی کرلی


 سری نگر(صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے نیم فوجی دستے سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنت نظیر وادی کے دارالحکومت سری نگر میں قابض بھارتی فوج کے بیس پر اچانک فائرنگ سے بھارتی فوجیوں نے خوف زدہ ہوکر دوڑیں لگا دیں۔بھارتی فوج کے افسران نے بھی خوفزدہ ہوکر اپنے کمروں میں ہی پوزیشن سنبھال لی تاہم بعد میں اندازہ ہوا کہ یہ کوئی حملہ نہیں بلکہ فوجی اڈے کے اندر سے ہی فائرنگ ہوئی ہے۔بھارتی فوج کے افسران جائے وقوعہ پر پہنچے تو اپنے ایک اہلکار کو خون میں لت پت پایا جسے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرز نے اہلکار کی موت کی تصدیق کردی گئی۔ کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے اہلکار کی رائفل قریب ہی پڑی تھی اور ابتدائی تفتیش میں یہ خودکشی کا واقعہ لگتا ہے تاہم اہلکار کے کمرے سے خودکشی نوٹ نہیں ملا۔ مکمل تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوج کے اہلکاروں میں ذہنی دباو، پست ہمتی اور بزدلی کے باعث خودکشی کے واقعات عام ہیں۔