سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی عوام اور حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے مملکت خداداد کے استحکام، خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا کی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند رہنمامولوی بشیر احمد عرفانی، غلام محمد خان سوپوری، سید بشیر اندرابی، محمد یوسف نقاش، سلیم زرگر، خواجہ فردوس، محمد شفیع لون، حفضہ بانو، فریدہ بہن جی اور مولانا مصعب ندوی نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں 23 مارچ 1940 کو لاہور کے منٹو پارک میں منظور کی گئی قرارداد پاکستان کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ یہ جنوبی ایشیا کی تاریخ کا سب سے اہم واقعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کی قرارداد نے خطے کے مسلمانوں کو نئی توانائی اور حوصلہ دیا اور وہ اپنی آزادی کی جدوجہد کے لیے آل انڈیا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم پر قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت کے گرد جمع ہوئے۔
حریت رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کو ہر بین الاقوامی فورم پر اٹھا رہا ہے، تنازعہ کے حل کے لیے مضبوط اور مستحکم پاکستان ناگریز ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد تحریک پاکستان کا تسلسل ہے ، کشمیری 23 مارچ 1940 کی تاریخی قرارداد سے تحریک حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام حق خودارادیت کے لیے منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے پر حکومت پاکستان اور عوام کے بے حد مشکور ہیں۔