فریدہ بہن جی کا یوم پاکستان پر پاکستانی عوام وحکومت کو مبارکباد


سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنماء و جموں وکشمیرماس موومنٹ کی چیرپرسن فریدہ بہن جی نے یوم پاکستان کے موقع پرپاکستان کے عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی تحریک پاکستان کا  ہی تسلسل ہے ، ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کشمیریوں کی تحریک آزادی کی کامیابی کا ضامن ہے۔ کشمیریوں کی بے مثال قربانیاںجلد رنگ لا کر جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا

23  مارچ ، یوم پاکسان کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں فریدہ بہن جی نے کہا کہ  23مارچ 1940جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک انتہائی اہم دن ہے جب قائداعظم محمد علی جناح کی پرجوش قیادت میں خطے کے مسلمانوں کی واحد نمائندہ جماعت مسلم لیگ نے ایک آزاد اور خودمختار ملک کا مطالبہ کیاتھا جو بعد میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے طورپر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔ اس روز منظور کی جانیوالی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ شمال مغربی اور شمال مشرقی ہندوستان کے مسلم اکثریتی علاقوں کو ایک آزاد ریاست قرار دیا جائے اور وقت نے ثابت کر دیا ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں کا اپنے علیحدہ وطن کے لئے مطالبہ جائز تھا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی انتہا پسند حکومت نے بھارت میں رہنے والے مسلمانوں کی زندگیوں کو اجیرن بنادیا ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں وہ اسرائیلی طرز کی پالیسی پر عمل پیر ا ہوکر کشمیریوں کو اپنے ہی وطن ہی سے بے دخل کررہا ہے

فریدہ بہن جی نے کہا کہ پاکستان دنیا بھرکے مسلمانوں کیلئے اللہ تعالی کی سب سے بڑی رحمت ہونے کے ساتھ ساتھ اسلام کا قلعہ اور امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے نصب العین کی حمایت کی ہے،تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستا ن کشمیر کے حوالے سے اپنے موقف پر قائم ہے اور وہ کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمائت کررہا ہے ،سینئر حریت رہنماء نے کہاکہ جموں و کشمیر کے عوام کے پاکستان کے ساتھ رشتے مضبوط اور کثیر جہتی ہیں اور اس رشتے کو دنیا کی کوئی طاقت الگ نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی پاکستان سے محبت کی عکاسی اس حقیقت سے ہوتی ہے کہ وہ نو لاکھ سے زائد قابض بھارتی افوا ج کی موجودگی میں پاکستانی جھنڈے لہراتے ہیں ،  یوم پاکستان کو بھرپور انداز میں مناتے ہیںاوراپنے شہدا کی میتوں کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر دفن کرتے ہیں یہ پاکستان سے کشمیریوں کی محبت کی ایک ایسی انتہا ہے جس کی دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی

حریت کی سینئر رہنماء نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا وکیل ہے جو کشمیریوں کو اپنا بنیادی حق خودارادیت دلانے کے لئے ہر طرح کی کوشش کررہا ہے لیکن بھارت کشمیریوں کو ان کا یہ حق دینے سے مسلسل انکاری ہے اور وہ اپنی ظالم افواج کے ذریعے کشمیریوں کو اپنی جدوجہد سے دستبردار کرانے کے لئے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کررہاہے لیکن کشمیریوں کے بلند حوصلو ں کے سامنے بھارت آج تک اپنے مکروح عزائم میںناکام رہا ہے ، انہوں نے حکومت پاکستان کی عالمی سطح پر کشمیر کو اجاگر کرنے کی کوششوں خا ص کر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے کشمیر کے بارے دو ٹوک موقف کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی نئی حکومت مظلوم کشمیریوں کی آواز دنیا کے سامنے لانے کے لئے مزید ٹھوس پالیسی اختیار کرے گی ، فریدہ بہن جی نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد تحریک پاکستان کا تسلسل ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی بے مثال قربانیاں رنگ لائیں گی اور جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری پاکستان کی خوشحالی اور سلامتی کے لئے ہروقت دعاء کرتے رہتے ہیں کیونکہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی کی کامیابی کا ضامن ہے۔