ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے دوسری بار گواہی دی حکومت چور ہے،شہباز شریف


لاہور (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاںشہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے دوسری بار گواہی دی حکومت چور ہے، عالمی ادارے کی رپورٹ فرد جرم ہے، کرپٹ حکمران استعفیٰ دیں، ملک ان کی لوٹ مار کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے  اپنے بیان میں کہا کہ عمران نیازی کی وزارت عظمیٰ میں پاکستان کرپشن میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے، دنیا کہہ رہی ہے وزیراعظم چور ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے کرپشن کے عالمی انڈیکس میں پاکستان کا 16 درجے مزید نیچے جانا افسوسناک ہے، دکھ ہے عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ایمان دار اور اہل قیادت میں پاکستان میں کرپشن میں کمی آئی تھی، پاکستان مسلم لیگ (ن)کی گڈ گورننس، شفافیت اور قانونی اصلاحات سے پاکستان کی کرپشن انڈیکس میں رینکنگ 23 درجے بہتر ہوئی تھی، افسوس موجودہ کرپٹ ٹولے نے ساری محنت ضائع کر دی، (ن)لیگ کے دور میں پاکستان کی رینکنگ بہتر ہو کر 117 پر آگئی تھی، عالمی سطح پر پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا تھا۔انہوںنے کہا کہ آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی، یوریا، ایل این جی، کورونا سمیت ہر شعبے میں کرپشن ہوگی تو پاکستان کرپشن انڈیکس میں 124 سے 140 پر کیوں نہیں جائے گا ؟

کرپشن کرپشن کا شور مچانے والوں کی ہر روز چوریاں پکڑی جا رہی ہیں، دوسروں پر بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو عالمی ادارے چور اور کرپٹ قرار دے رہے ہیں، 2019 سے 2021 تک ہر سال پی ٹی آئی کے دور میں پاکستان میں کرپشن بڑھی ہے۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہر سال کرپشن میں کمی واقع ہوئی، اگر وزیراعظم اور اس کی ٹیم ایماندار ہو تو اس کااثر نیچے نظر آتا ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ اس امر کا واضح ثبوت ہے کبھی ایسا نہیں ہوا پاکستان کرپشن میں 14 ممالک سے نیچے چلا گیا ہو، ای آئی یو کا 40 فیصد اور ورلڈ اکنامک فورم کا 5 فیصد پاکستان کے سکور کو کم کرنا پی ٹی آئی کی کرپشن پر فرد جرم ہے۔