کوئٹہ(صباح نیوز)وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبے میں اصلاحات کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت نے صوبے کے پبلک سیکٹرڈیولپمنٹ پروگرام کا ازسرنو جائزہ لینے کے لیے 7 روز میں اصلاحات کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے، جو ایک ماہ میں اپنی رپورٹ صوبائی کابینہ کو پیش کرے گی۔
بلوچستان اسمبلی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ صوبے میں صحت کی مد میں 80 ارب روپے کی خطیر رقم رکھے جانے کے باوجود محکمہ صحت کی حالت بہت بری ہے، صحت پر 80 ارب روپے خرچ ہونا اس غریب صوبے کے ساتھ کوئی مذاق نہیں ہے۔
وزیراعلی بلوچستان نے بتایا کہ ان کی صوبائی حکومت مختلف محکموں میں اصلاحات متعارف کرائے گی، سندھ ماڈل کے تحت بلوچستان کے اسپتالوں کی حالت بنائیں گے، تعلیم کے شعبے میں بھی اربوں روپے خرچ کئے جاتے ہیں مگر صورتحال بہتر نہیں ہوتی، صوبے میں 60 کے قریب اصلاحات متعارف کرانے کا ارادہ ہے۔
وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کے مطابق صوبے کے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا،7 روز میں اصلاحات کمیٹی تشکیل دے دی جائے گی جو ایک ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی جسے تجاویز کی صورت میں کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا۔وزیراعلی بلوچستان میرسرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت کی کوشش ہے کہ صوبے بھر میں اس نوعیت کے ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے جس سے عام عوام کو فائدہ حاصل ہو۔