پشاور ہائیکورٹ ، مخصوص نشستوں پر حلف اٹھانے کے حکم امتناع میں 13 مارچ تک توسیع


پشاور(صباح نیوز)پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں پر حلف اٹھانے کے حکم امتناع میں 13 مارچ تک توسیع کردی۔جمعرات کو پشاور ہائیکورٹ میں سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس اشتیاق ابراہیم کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے سماعت کی۔

درخواست گزار وکلا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور دیگر فریقین کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے آغاز پر جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ ہم نے اٹارنی جنرل کو طلب کیا تھا، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثناء اللہ نے عدالت کو بتایا کہ اٹارنی جنرل سے رابطہ ہوا  وہ آج سپریم کورٹ میں ہیں، اگر وقت دیا جائے تو اچھا ہوگا۔عدالت نے حکم امتناع میں 13 مارچ تک توسیع کرتے ہوئے کہا کہ اٹارنی جنرل آئندہ سماعت پر پیش ہوں، حکم امتناع بدھ کے دن تک ہوگی، بدھ کے دن اس کیس کو دوبارہ سنیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ سے متعلق درخواست پر پشاورہائیکورٹ نے خواتین اور اقلیتی نشستوں پر ارکان کی حلف برداری روک دی تھی۔ الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین سے جواب طلب کررکھا تھا۔