فریدہ بہن جی کی شہباز شریف کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد


 سری نگر— مقبوضہ کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنما اور جموںو کشمیر ماس موومنٹ کی چیرپرسن فریدہ بہن جی نے میاں محمد شہباز شریف کو  مسلسل دوسری مرتبہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ کشمیریوں کی بھرپور ترجمانی کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے فوری حل کے لئے اپنا موثر کردار ادا کریں گے،

پاکستان کے نومنتخب وزیراعظم میاں شہبازشریف کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں فریدہ بہن نے کہا کہ کشمیری عوام کو امیدہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میںحکومت پاکستان کی مسئلہ کشمیر کے فوری حل کے لئے ایک ٹھوس کشمیر پالیسی سامنے آئے گی ، جس کے تحت مظلوم کشمیری عوام کو اپناحق خود ارادیت دلانے کے لئے بھارت کے ساتھ ساتھ عالمی برادری پر دباو ڈالا جائے گا۔

اپنے پیغام میں سینئر حریت رہنما نے نومنتخب وزیراعظم پاکستان کی توجہ مقبوضہ کشمیر کے موجودہ سنگین حالات کی طرف مبذول کراتے ہوئے کہا کہ کشمیری اس وقت ایک مشکل اور آزمائش کے دور سے گزر رہے ہیں جب بھارت کی مودی سرکار کشمیریوں کی جائز جدوجہد کو دبانے کے لئے ہرطرح کے حربے اور ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے،خاص کر پانچ اگست 2019  کے بعد مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے بھار تی یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات سے کشمیری مسلمانوں کی اپنی شناخت خطرے میں ہیں ،بھارت ایک مذموم منصوبے کے تحت مقبوضہ جموں وکشمیرمیں غیر کشمیری باشندوں کو آباد کرکے کشمیری مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لئے کوشاں ہے ، مقبوضہ علاقے میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے دہشت گردی جاری ہے ،روزانہ کشمیریوں کو قتل کیا جارہا ،نوجوانوں کو جیلوں میں بند کیا جاتا ہے حریت کی بیشتر قیادت یا تو جیلوں میں قید ہے یا اپنے گھروں میں نظربند ہے کشمیر میں بھارتی ظلم وستم کانہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے جس سے کشمیری عوام کی زندگیاں اجیرن بن گئی ہیں،

فریدہ بہن جی نے کہا کہ ان حالات میں وزیراعظم پاکستان کی زمہ داریاں اور بڑھ گئیں ہیں کہ وہ مظلوم کشمیریوں کی آواز کو بلند کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، کشمیریوں کی امیدیں اور خواہشات وزیراعظم شہباز شریف کے دوبارہ منتخب ہونے سے اور بڑھ گئی ہیں۔ کشمیریوں کو امید ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اپنے دور حکومت میں کشمیر کی آزادی کی وکالت کے لیے نہ صرف پاکستان کے اندر بلکہ عالمی سطح پر بھی پر عملی اقدامات کریں گے،

فریدہ بہن جی نے نومنتخب وزیراعظم شہاز شریف کے لئے نیک خواہشات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کو پاکستا ن کو درپیش اندرونی وبیرونی چیلنجوں کا بھی احساس ہے اور وہ دعاکرتے ہیں کہ پاکستان شہباز شریف کی قیادت میں جلد ان تمام چیلنجوں پر کنٹرول کرکے خطے کے علاوہ پوری دنیامیں ایک معاشی طاقت کے طور ر پر ابھرکر سامنے آئے کیونکہ ایک مستحکم پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے ۔