مہمند (صباح نیوز)عت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما اور امور خارجہ کے ڈا ئریکٹر آصف لقمان قاضی نے کہا ہے کہ قبائل کے ساتھ انضمام کے وقت کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے گئے ، قبائلی عوام کی پسماندگی ختم کرنا قومی ترجیحات کا حصہ بننا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما اور امور خارجہ کے ڈا ئریکٹر آصف لقمان قاضی نے ضلع مہمند میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع مہمند ملک سعید خان اور قبائلی عمائدین بھی موجود تھے۔
آصف لقمان قاضی نے کہا کہ سابقہ فاٹا کے اضلاع کے لئے گیارہ سو ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج اور این ایف سی ایوارڈ کے تین فی صد حصے کا اعلان کیا گیا تھا، مگر یہ وعدے تاحال پورے نہیں کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں صنعت اور زراعت کے منصوبوں کی شدید ضرورت ہے تاکہ نوجوانوں کو روز گار مل سکے، نوجوانوں کو بیرون ملک ملازمت کے حصول کے لئے پیشہ ورانہ مہارت کی تربیت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کی معاشی ترقی قومی سلامتی کے لئے ضروری ہے تاکہ شر پسند عناصر کو نوجوانوں کو گمراہ کرنے کا موقع نہ ملے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں آپس کے سر پٹھول کی بجائے عوام پر رحم کریں اور عوامی مسائل کے حل کی طرف توجہ دیں ۔ قبائلی اضلاع میں نئے بندوبست نے عوام کی محرومیوں میں اضافہ کیا ہے۔ رشوت بٹورنے کے لئے نئے سرکاری محکمے آگئے ہیں ، تنازعات کے حل کے لئے جرگہ سسٹم اچھا کام کر رہا تھا، پاکستان کے ناکارہ عدالتی نظام نے قبائلی عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔ بلدیاتی نمائندوں کے پاس نہ اختیارات ہیں اور نہ ہی وسائل ۔ بلدیاتی ادارے عضو معطل بنے ہوئے ہیں ۔ قبائلی اضلاع تاحال معاشی، سیاسی اور قانونی حقوق سے محروم ہیں،صوبائی اور وفاقی حکومتیں قبائل کے مسائل حل کرنے کی طرف فوری توجہ دیں۔