جنوبی کشمیرمیں بھارتی فوج کا آپریشن، پلوامہ سے ایک نوجوان گرفتارکرلیا


سرینگر :  مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے  جنوبی کشمیر کے کئی علاقوں کا محاصرہ کرکے تلاشی آپریشن شروع کردیا ہے،ضلع پلوامہ سے ایک نوجوان کو گرفتارکرلیاہے۔پولیس نے نوجوان کو ضلع کے علاقے اونتی پورہ سے گرفتارکیا اوراس پر مجاہدین کے لئے کام کرنے کا الزام لگایا۔0

پولیس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اونتی پورہ کی پولیس نے فوج کی 55 آر آر اور سی آر پی ایف کی 185 بٹالین کے ساتھ مل کرکارروائی کرتے ہوئے ایک نوجوان کو گرفتار کیا ہے جو مجاہدین کو پناہ دینے اورانہیں مدد فراہم کرنے میں ملوث تھا۔گرفتارنوجوان کی شناخت عمر فاروق بٹ ولد فاروق احمد بٹ ساکنہ رینزی پورہ پلوامہ کے طورپر کی گئی ہے ،جنوبی کشمیرکے کئی علاقے مسلسل فوجی محاصرے میںہیں اور لوگوں کو سخت سردی میں گھروں سے باہر نکال کر ان کی شناختی پریڈ کرائی جاتی ہے ،کئی علاقوں میں لوگوں نے احتجاجی مظاہرے بھی کئے ہیں۔

شوپیاں میں لوگوں نے دو نوجوانوں کی شہادت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے جبکہ علاقے میں ہڑتال سے روزمرہ زندگی مفلوج ہوکے رہ گئی۔علاوہ ازیںبھارتی پولیس نے  جموں خطے کے ضلع سانبہ میں ورکنگ باؤنڈری کے نزدیک ایک پاکستانی جھنڈا اپنے قبضے میں لے لیا۔ غبارے سے بندھا جھنڈا ضلع کے علاقے گھگوال میں راگوچک کے مقام پر مقبوضہ علاقے میں پایاگیا۔