خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں سے مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 35ہوگئی


پشاور(صباح نیوز)خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں ،برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 35 ہوگئی اور 43 افراد زخمی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے نے گزشتہ پانچ دنوں کے دوران صوبہ بھرمیں جاری بارشوں سے حادثات کی رپورٹ جاری کردی۔ بارشوں کے باعث 46 گھر مکمل تباہ ہوئے اور 346 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

رپورٹ کے مطابق اب تک مختلف حاداثات میں 35 افرادجاں بحق جبکہ 43 افرادزخمی ہوئے، بارشوں اور برف باری سے 76 مویشی ہلاک ہوئے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے چارسدہ ، لوئر دیر ،اپر دیر ، باجوڑ، خیبر، نوشہرہ، پشاور کے متاثرین میں سامان تقسیم کیا گیا۔

دوسری جانب پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے)حکام کے مطابق خیبرپختونخوا میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔