آئی ایم ایف سے قرض لینا ملک وقوم کے ساتھ دشمنی ہے،محمد حسین محنتی

کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا ملک و قوم کے ساتھ دشمنی ہے، یہ قرض لینے کا آسان طریقہ ضرور ہے مگر یہ عوام کی فلاح بہبود کی بجائے اشرافیہ کی عیاشیوں پر خرچ کیا جاتا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ جن ممالک نے بھی ان سے قرضے لیے وہ سنبھلنے کی بجائے مزید مسائل کے دلدل میں دھنستے گئے۔اس لیے مالیاتی اداروں سے قرضوں کی مذمت اور اسے مزید غلامی کے شکنجے میں جکڑنے کے مترادف ہے۔جوخود جعلی مینڈیٹ کے ساتھ حکومت بنی ہو وہ عوام کے حقوق کی کیا حفاظت کرے گی۔ جماعت اسلامی ملک میں شریعت کے نفاذ، اسلامی وخوشحال پاکستان کے قیام اور ملک وقوم کو آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات دلانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نظم صوبہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے گذشتہ فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ پیش کیا، اجلاس میں سندھ کی سیاسی صورتحال، انتخابات میں دھاندلی کے خلاف تحریک اور دیگر دعوتی وتنظیمی امور پر غور کیا گیا۔صوبائی امیر نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے ناقابل عمل شرائط کی وجہ سے آج ملک معاشی، سیاسی واخلاقی بحرانوں کا شکار ہے،بجلی پیٹرول اور روز مرہ کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے عام آدمی کا زندہ رہنا مشکل بنادیا گیا ہے،قرض حکمران ٹولہ اپنی عیاشیوں کیلئے لیتا ہے مگر مہنگائی وبیروزگاری کی صورت میں اس کا خیمازہ عوام کو بھگتنا پڑتا ہے، پاکستان بنتے وقت ڈالر ایک روپے کا تھا آج 280روپے کا ہوگیا ہے جبکہ پڑوسی ملک بھارت میں80روپے کا ہے۔ اسلئے آئی ایم ایف سے قرض لینا ملک وقوم کے ساتھ دشمنی ہے مزید قرض ملک وقوم کو مزید سیاسی ومعاشی بحرانوں کی نذر کردیگا۔