خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشیں، چھتیں گرنے سے پانچ بچوں سمیت8 افراد جاں بحق ، متعدد زخمی


پشاور/چمن(صباح نیوز)خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں صوبے کے مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے سے پانچ بچوں سمیت8 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

ضلع لوئر دیر کے علاقے نگری بالا تالاش میں مٹی کا تودہ گھر پر گِرگیا، ملبے تلے دب کر بچی سمیت میاں بیوی دم توڑ گئے اور بچی زخمی ہوگئی۔ریسکیو 1122 کے مطابق مٹی کا تودہ گرنے کے بعد مسلسل 3ساڑھے گھنٹے ریسکیو آپریشن کیا اور چھت کے ملبے تلے دبے تین افراد کی لاشیں اور ایک زخمی کو نکال لیا گیا۔ لاشوں اور تین سالہ زخمی بچی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 25سالہ زاہد ولد شیر مولا سکنہ نگری بالا تالاش، 23 سالہ زوجہ زاہد، 5 سالہ حریرہ جبکہ 3سالہ طفلہ ارحم عمر زخمی ہے۔ ملاکنڈ کے علاقے بٹ خیلہ میں تیزبارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ماں کمسن بچی سمیت جاں بحق ہوگئی، دو بچوں سمیت تین افراد زخمی ہوئے۔

دوسری جانب تحصیل بائزئی میں مکان کی چھت گرنے سے تین خواتین زخمی ہوئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق باجوڑ غاخی کنڈ ماموند میں تیز بارش کی وجہ سے کچے مکان کے کمرے کی چھت گرنے سے 3بچے جاں بحق ہو گئے۔کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی ڈیزاسٹر اور میڈیکل ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور مقامی افراد کے ساتھ مل کر بچوں کو ملبے سے نکال دیا۔خیبر کے علاقے باڑہ کمرخیل نیوآٹاری میں گھر کی چھت گرگئی، جس کے نتیجے میں ایک بچہ زخمی ہوگیا۔ ضلع خیبر میں تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش جاری رہا۔

دیر میں برف پڑنے سے لواری ٹنل ٹریفک کیلئے بند کردی گئی۔ چمن میں کوژک ٹاپ پر برفباری کے باعث قومی شاہراہ بڑی ٹریفک کے لئے بند کردی گئی۔ پشین اور قلات میں برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا۔دوسری جانب آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہوگئی ۔ لینڈ سلائیڈنگ سے مظفرآباد مانسہرہ روڈ، پیر چناسی میں رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔

گلیات میں بھی برف باری اوربارش کے باعث دہیات کی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔واضح رہے کہ ان علاقوں میں موسم کی خرابی، بارشوں اور دیگر قدرتی آفات کے دوران مٹی کے تودے گرنا ایک معمول کی بات ہے، جن کی زد میں آکر ہر سال سیکڑوں افراد جاں بحق ہوجاتے ہیں۔