ہٹیاں بالا(صباح نیوز) وائس چانسلر آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآبادپروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی نے پسماندہ علاقوں میں زیر تعلیم طلبا اور نوجوانوں کو حصول علم کے بے پناہ مواقع ان کی دہلیز پر میسر کردئیے ہیں۔
جامعہ کشمیر کے جہلم ویلی کیمپس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے طلبا کومستقبل کی کامیابی کے لیے آئی ٹی کی فیلڈ میں مطلوبہ صلاحیتوں سے ہم آہنگ رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس تقریب میں رجسٹرار جامعہ پروفیسر ڈاکٹرغلام مرتضی،کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر واجد عزیز لون، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عبد القادر،ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر سعادت حنیف ڈار،ڈائر یکٹر سٹوڈنتس افیئرز ڈاکٹر شرجیل سعید سمیت فیکلٹی ممبران،ملازمین طلبا و طالبات نے شرکت کی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد کلیم عباسی نے طلبا کو جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ جامعہ کشمیر جہلم ویلی کیمپس میں کمپیوٹرسائنسز و انفارمیشن ٹیکنالوجی،انگریزی اور ایجوکیشن جیسے ڈگری پروگرامز اسی مقصد سے شروع کیے گئے ہیں کہ ان میں افرادی قوت کی مانگ دنیا بھر میں مسلسل بڑھ رہی ہے۔طلبا سے اپنے ذاتی مشاہد ات و تجربات بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ضروری نہیں کہ بڑے شہروں میں رہنے والے یا ناموراداروں میں زیر تعلیم طلبا کو ہی کامیاب مستقبل کی ضمانت حاصل ہے۔وائس چانسلر نے کہا کہ پسماندہ اور دودرازعلاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبا بھی محنت،لگن اور مستقل مزاجی کے ذریعے باوقار مقام حاصل کرسکتے ہیں۔
فیکلٹی کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں،فیکلٹی ممبران ریاست و ملک کی ترقی کے لیے اعلی معیار کے انسانی وسائل کی تیاری میں اپنا حصہ ڈالیں۔پروفیسر ڈاکٹر محمدکلیم عباسی نے جہلم ویلی کیمپس کی انتظامیہ، فیکلٹی اور طلبا کو یقین دلایا کہ وہ اس کیمپس کو درپیش مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں اور ان کے موثر حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے جہلم ویلی کیمپس کی لائبریری کے لیے دولاکھ روپے کی کتب،آئی ٹی لیب کے لیے جدیدکمپیوٹرز کی فراہمی،بہتر ٹرانسپورٹ کی سہولت سمیت متعدداقدامات کا اعلان کیا۔
اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے جہلم ویلی کیمپس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فیصل محمود بٹ اپنے کیمپس کی نمایاں پیش رفت اور حالیہ کامیابیوں کے بارے میں بتایا اوروائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کو جہلم ویلی کیمپس میں کی تعلیمی ترقی میں بھرپورمعاونت اور اس تقریب میں شرکت کرنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔تقریب میں طلبہ نے ملی نغموں،تقاریر اور مختلف خاکے بھی پیش کیے جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ با صلاحیت طلبا کی جانب سے کی جانے والی تقاریر، ثقافتی پرفارمنس، شاعری نے تقریب کو ایک چار چاند لگا دیے۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے جہلم ویلی کیمپس کے طلبہ جنہوں نے کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور پوزیشن حاصل کیں ان میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے۔تقریب کے اختتام پر جہلم ویلی کیمپس کے ڈائریکٹر انجینئر ڈاکٹر فیصل محمود بٹ نے وائس چانسلر اور دیگر مہمانوں کو سووینئرز بطور تشکر پیش کئے۔ ٭٭٭