بجلی اور پیٹرول کی قیمت میں حالیہ اضافہ عوام کا معاشی قتل عام ہے ۔محمد حسین محنتی

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ نے دو دن کی مہمان نگراں حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں ایک بار پھر 4.13پیسے اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عوام کا معاشی قتل عام قراردے دیا، امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ایک ماہ کے دوران مسلسل بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ہے ،مقتدرہ اور آئی ایم ایف کی سلیکشن نگراں سرکار نے دہشتگردوں کی کمر توڑنے کی بجائے پہلے ہی مہنگائی کے ہاتھوں ستائے ہوئے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ بجلی گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز اضافے سے عام آدمی کی قوت خرید ختم ہوچکی ،روز مرہ کی اشیائے خورونوش عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے لوگ اجتماعی خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں ،پی ڈی ایم کی تسلسل نگران حکومت نے عوام کا معاشی قتل عام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے جس سے اشرافیہ اور مقتدرہ کا عوام دشمن چہرہ مزید بے نقاب ہوچکا ہے ، عوام آخر کب تک ظالم اور سفاک حکمرانوں کی عیاشیوں کو جاری رکھنے کیلئے قربانی دیتے رہیں گے۔ مفت پیٹرول، مفت بجلی،مفت گیس،

شاہی پروٹوکول، بیرونی ممالک کے دورے، مفت عمرہ،مفت حج جیسی شاہانہ اخراجات کے مزے لینے والے جج، جرنیل،سیاستدان اور بیوروکریسی انتہائی ظالمانہ طریقے سے عوام کا استحصال کررہی ہے ان لوگوں کی بے حسی اور سنگدلی کی وجہ سے لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہوچکے ہیں۔جعلی مینڈیٹ ،نتائج کے ردوبدل سے بننے والی پی ڈی ایم پلس حکومت کے کرتا دھرتا ابھی سے عوام کو سخت فیصلوں کی نوید سنارہے ہیں. بے حس حکمران طبقہ، اشرافیہ اور مقتدر قوتیں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ زنی کرکے جعلی حکومت بنانے کے بعد عوام کے ٹیکسوں اور قومی خزانے کی بندر بانٹ کرکے عیاشیاں کریں لیکن ٹیکس دینے والے عوام کو صحت، تعلیم، روزگار، صاف پانی جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم اور مہنگائی، بے امنی کا عذاب مسلط کردیا جاتا ہے۔ صوبائی امیر نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا حالیہ اضافہ واپس لیکر عوام کو جینے کا حق دیا جائے۔ #