سماجی ، اقتصادی، صنعتی ترقی کے لیے ہنر پر مبنی پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی ناگزیر ہے، ثمینہ عارف علوی


کراچی(صباح نیوز)خاتون اول ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک کی سماجی ، اقتصادی اور صنعتی ترقی کے لیے ہنر پر مبنی پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی ناگزیر ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہارہفتہ کو گورنر ہا ئوس کراچی میں ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ(ٹی وی ای ٹی)شعبہ کے مختلف اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کے دوران کا کیا ۔

ثمینہ عارف علوی نے کہاکہ پیشہ ورانہ تربیت کے شعبہ میں بدلتے ہوئے رجحانات پر ہمیں نظر رکھنی چاہیے اور اپنی توجہ طلب و ٹیکنالوجی پر مبنی مہارتوں کی طرف مرکوز کرنی چاہیے۔

انہوں نے تربیتی اداروں اور صنعتوں کے درمیان روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری اور تربیتی اداروں کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے والے ہنر کی تربیت کے لیے مضبوط رابطہ قائم کرنا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپناروزگار اورکاروبار شروع کرانے کیلئے حوصلہ افزائی ہونی چاہئیے ۔ قبل ازیں سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل اتھارٹی (سٹیوٹا) کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام مصطفی نے خاتون اول کو تنظیم کے کام اور ساخت اور صوبے بھر میں ہنر مندانہ تربیت فراہم کرنے میں اس کے کردار کے بارے میں بریفنگ دی۔

خاتون اول نے شرکا پر خصوصی افراد کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام ترتیب دینے اور ان کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پرزوردیا۔ انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ پیشہ ورانہ مہارتوں کی اہمیت کے حوالے سے عوام میں بیداری پیدا کریں۔

اجلاس میں سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل اتھارٹی (سٹیوٹا) کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام مصطفی، اتھارٹی کے دیگرحکام، نجی و پیشہ ورانہ اداروں کے سربراہان اور دیگر نے شرکت کی۔