الخدمت اور رینجرز کے اشتراک سے ملیر میں مفت میڈیکل کیمپ کا اہتمام

  کراچی(صباح نیوز) الخدمت کراچی کے تحت پاکستان رینجرز کے اشترک سے ضلع ملیر کے مضافاتی علاقے دستانو چنا میں لنک روڈ پر فری میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔ فری میڈیکل کیمپ میں 1500 سے زائدافراد کا معائنہ کیا گیا ،جس میں بچے ،خواتین اور بزرگ شامل تھے ۔میڈیکل کیمپ میں گائنی ،جنرل امراض اور بچوں کے ماہر ڈاکٹروں نے کیمپ میں آنے والی خواتین، بچوں اور دیگر افراد کا معائنہ کیا اورانہیں ادویات تجویز کر کے دیں ۔کیمپ میں الخدمت کی میڈیکل اورپاکستان رینجرز کی ٹیم نے خدمات انجام دیں ۔

ڈاکٹروں نے مریضوں کو مکمل رہنمائی کی اور انہیں درپیش طبی مسائل سے متعلق آگاہی دی اور اچھی صحت کیلئے احتیاط برتنے کی ہدایات دیں ۔کیمپ میں الخدمت کے موبائل میڈیکل ہیلتھ یونٹ کے ذریعے مریضوں کو ڈاکٹرزکی تجویز کردہ دوائیں مفت فراہم کی گئیں ۔اس موقع پرالخدمت فریدہ یعقوب کے ایڈمنسٹریٹرفرمان شاہ اور منیجر میڈیکل سروسز محمد ارشد موجود تھے ۔الخدمت کی جانب سے میڈیکل کیمپ میں پاکستان رینجرز کی جانب سے تعاون پر اظہار تشکر کیا گیا ۔