کراچی میں جعلی مینڈیٹ کے چرچوں نے جماعت اسلامی کے موقف کو درست ثابت کردیا ،محمد حسین محنتی

کراچی((صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کا میندیٹ بھی ایم کیو ایم کی طرح جعلی لگ رہا ہے، جعلی مینڈیٹ سے بننے والی حکومتیں زیادہ دیر نہیں چل سکتی، ایسی حکومتوں کے ممبران اور حکمرانوں کی زبان بند اور پیر و ہاتھ باندھ لیے جاتے ہیں جبکہ پارلیمنٹ کو ربڑ اسٹیمپ کی طرح ریموٹ کنٹرول سے چلایا جاتا ہے، جس کے نتائج ملک اور قوم کیلئے مثبت نہیں نکلیں گے۔

انہوں نے  ایک بیان میں مزید کہا کہ متحدہ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں  گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور مصطفیٰ کمال کے انکشافات نے جعلی میندیٹ کا بھانڈا بیچ چوراہے پر پھوڑدیا ہے اسلئے جماعت اسلامی سمجھتی ہے کہ جب تک ووٹ  کا تقدس بحال اور عوام کو اپنی مرضی کی قیادت منتخب کرنے کا حق نہیں دیا جاتا تب تک ملک سیاسی، معاشی بحران سے نجات حاصل نہیں کرسکتا، جمہوریت اور عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے عدل و انصاف کے مطابق فارم45 کے تحت جیتے ہوئے امیدواروں کا اعلان کیا جائے۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں من پسند انتخابی عملہ مقرر کرکے کہیں ٹھپے تو کہیں پر بیلٹ باکس چھینے و خریدے گئے اس سارے عمل نے انتخابات کی شفافیت پر بہت بڑا سوال لگادیا ہے جبکہ رہی سہی کسر آروز نے نتائج تبدیل کرکے پوری کردی جس کی وجہ سے آج پوری قوم کا انتخابی عمل اور جمہوریت سے اعتماد ختم ہوچکا ہے اگر اب بھی عوام کو اپنی مرضی سے قیادت منتخب کرنے اور ووٹ کا تقدس بحال نہ کیا گیا تو پھر بپھرے ہوئے عوام کوئی اور راستہ منتخب کرنے پر مجبور ہونگے۔#