کراچی (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نور حق میں متاثرین گلشن روفی ایکشن کمیٹی کے ممبران سید شہزاد مظہر ، عدیل اظہر ، نثار خان اور دیگر نے ملاقات کی اور ہائوسنگ سوسائٹی کے الاٹیز کے پلاٹوں پر قبضے ، دھوکا دہی و جعل سازی اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا اور اپیل کی کہ ان کے مسائل کے حل اور جائز و قانونی حقوق کے حصول کے لیے ان کی مدد کریں ، ملاقات میں پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے سیکریٹری نجیب ایوبی ، پبلک ایڈ کمیٹی کے ذمہ داران سید قطب احمد اور قاضی صدر الدین بھی موجود تھے ۔ ایکشن کمیٹی کے ممبران نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ الا ٹیز کوفوری طور پر پلاٹوں کا قبضہ دلایا جائے، گلشن روفی کے مالکان کے خلاف الاٹیز کے ساتھ دھوکہ دہی بد عنوانی و جعلسازی کرنے پر فوری تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ گلشن روفی پروجیکٹ پر نام نہاد قبضے و تجاوزات کے خلاف کروائی کی جائے۔
حافظ نعیم الرحمن نے متاثرین گلشن روفی کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون اور قانونی مدد کرے گی ، انہوں نے متاثرین کی داد رسی اور مسائل کے حل کے لیے نجیب ایوبی اور سید قطب احمد کی ذمہ داری لگائی ، حافظ نعیم الرحمن نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلڈرز مافیا سرکاری سرپرستی اور متعلقہ اداروں کی ملی بھگت سے کراچی کے شہریوں کو لوٹ رہی ہے ، بلڈرز مافیا کے خلاف الاٹیز کی شکایتوں کے انبار لگے ہوئے ہیں لیکن حکومت کوئی ایکشن لیتی ہے اور نہ متعلقہ اداروں میں متاثرین کی داد رسی ہوتی ہے ، سسٹم کے نام پر ہر سطح پر بد عنوانی اور بے ایمانی کو فروغ دیا جا رہا ہے ، شہر پر قبضہ مافیا کا راج ہے اور شہریوں کا کوئی پُر سان حال نہیں ۔ دھاندلی اور قبضہ مافیا کا یہ حال ہے کہ عام انتخابات میں لاکھوں ووٹ حاصل کرنے والی سیاسی قیادت سڑکوں پر احتجاج کر رہی ہے اور مسترد شدہ عناصر کو عوام پر مسلط کر دیا گیا ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ دھاندلی ، کرپشن اور قبضہ مافیا کے اس پورے نظام کے خلاف اُٹھ کھڑا ہوا جائے ۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ گلشن روفی کے متاثرین مایوس نہ ہوں اپنی جدو جہد اور جنگ جاری رکھیں ، جماعت اسلامی ان کی قانونی جنگ میں ان کے ساتھ ہے ،ملاقات میں ایکشن کمیٹی کے ممبران نے اپنے مسائل بیان کرتے ہوئے مزید کہا کہ گلشن روفی و پرائیڈ بلڈرز ڈیویلپر زنے الاٹیز کے ساتھ ظلم و زیادتی کی حد کر دی ہے اور مختار کار و پولیس سے مل کر کھلم کھلا بدمعاشی سے اسکیم 33 میں واقع گلشن روفی پروجیکٹ کے سیکٹر 6BـC اور 218ـ198 پر الاٹیز کی بجائے قبضہ گروپ کو آباد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیز شدہ الاٹیز جنہوں نے بلڈرز کوترقیاتی اخراجات کی بھی ادائیگیاں کی ہوئی ہیں، 27 سالوں سے پلاٹوں سے محروم ہیں اور کہیں بھی کوئی شنوائی نہیں ہے۔