پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ظالمانہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔محمد حسین محنتی

کراچی( صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے نگراں حکومت کی جانب سے راتوں رات پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عوام کے ساتھ سراسر ظلم قرار دیا ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ نگراں حکومت کا اصل کام صاف وشفاف انتخابات کراکے اقتدار منتخب نمائندوں کے حوالے سے کرنا تھا جس میں وہ بری طرح ناکام بلکہ قوم کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے میں برابر کی شریک ہے ،نگراں حکومت کا کام بجلی،گیس،پیٹرول اور اشیائے خورونوش کی قیمتوںمیں اضافہ اور اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عوام پر مسلسل مہنگائی کی بمباری کررہی ہے ،

عملی طور پر یہ سابقہ لوٹ مار اور عوام کا خون چوسنے والی حکومتوں کا تسلسل ثابت ہوئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافہ ہوجاتا ہے جس سے براہ راست عام آدمی متاثر ہوتا ہے اس لئے قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔