جماعت اسلامی سندھ کی جانب سے پی سی بی کی طرف سے کے ایف سی سے حالیہ معاہدے کی شدید مذمت

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ نے پی سی بی کی جانب سے کے ایف سی کے ساتھ کئے گئے حالیہ معاہدے کو غزہ کے 30 ہزار شہدا کی خون سے غداری اور تمام فلسطینیوں کے زخموں پر نمک پاشی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف امت مسلمہ کا غزہ میں پانی کی طرح خون بہایا جا رہا ہے، مسلمانوں کے معصوم بچے ان کی آنکھوں کے سامنے چھلنی ہو رہے ہیں، معصوم بچوں کے سامنے ان کے والدین کی زندگیاں چھین کر انہیں یتیم کیا جا رہا ہے اور دوسری جانب ہم ان برینڈز (KFC) کے ساتھ مل کر لایعنی کاموں میں مصروف ہیں، لاہور میں پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں جس طرح سے بیہودہ ناچ گانے اور بھنگڑے ڈالے گئے وہ 25 کروڑ عوام کی توہین اور پہلی ایٹمی اسلامی مملکت کی امت سے غداری ہے آج مغربی سامراج کے حواری حکمران طبقے میں دینی حمیت اور غیرت ختم ہوچکی ہے۔

جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے ایک بیان میں مزید کہا کہ پانچ ماہ سے جاری غزہ کی جنگ میں جس طرح سے جنگی قوانین کی بھیانک خلاف ورزی کی گئی اس پر برازیل کا صدر اپنے دو ٹوک موقف کا اظہار کرکے اسرائیلی قابض ریاست کو نازی اور ہٹلرازم کی پاسداری کرتے قرار دے رہا ہے مگر امت مسلمہ کے تمام حکمران خاموش ہیں جبکہ پاکستان کے نام نہاد حکمران اور اسٹیبلشمنٹ افغانستان میں کرائے کے قاتل کا کردار ادا کرنے کے بعد ایک بار پھر امریکی اشاروں پر سرزمین انبیاء فلسطین کے دوریاستی حل کا راگ الاپنے میں مصروف، پاکستانی قوم کی جانب سے اشرافیہ اور ناجائز حکمرانوں کے مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے  معصوم فلسطینی بچوں اور خواتین کے قتل میں مدد دینے والی تمام کمپنیوں کا بائیکاٹ جاری رہنا چاہیے۔

پی ایس ایل میں کے ایف سی کی شمولیت شرم ناک ہے۔ ہم پوری قوم پی سی بی  کا بائیکاٹ کرے کیونکہ پی سی بی  امت مسلمہ کے قاتلوں کیساتھ کھڑا ہے۔ محسن نقوی سمیت پی سی بی کے تمام عہدیداران کو شرم کرنی چاہئے فلسطین میں لوگ شہید ہو رہے ہیں اور آپ کو یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ کے ایف سی آپ کا سپانسر ہے؟کے ایف سی، میکڈونلڈ معصوم فلسطینی بچوں اور خواتین کے قتل میں ملوث صہیونی افواج کی اسپانسرڈ ہیں اور جو لوگ ان سے مالی فائدے کیلئے معاہدے کررہے ہیں قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔جماعت اسلامی کا پرزور مطالبہ ہے کہ پی سی بی فی الفور کے ایف سے سے کیا گیا معاہد ہ ختم اور پوری قوم سمیت فلسطینی عوام سے معافی مانگے۔